طاہرالقادری اور اس کے بیٹے منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، عابد شیر علی

ہفتہ 14 جون 2014 17:10

طاہرالقادری اور اس کے بیٹے منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، عابد شیر علی

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14جون 2014ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ طاہرالقادری اور اس کے بیٹے منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں‘ جلد ہی ان کے بارے میں اہم انکشافات عوام کے سامنے آئیں گے ‘جو لوگ آئین نہ ماننے کی باتیں کرتے ہیں ان کیخلاف آئین پاکستان کے تحت کارروائی ہوگی‘ موجودہ سیاسی ٹولہ ڈینگی مچھروں کا ٹولہ ہے جو عوام کو ترقی کی طرف لے جانے کی بجائے انہیں مزید اذیت پہنچانا چاہتا ہے‘ برسات کا موسم آنے والا ہے اور اس موسم میں ہمیشہ برساتی مینڈک بلوں سے باہر نکلتے ہیں اسلئے یہ برساتی مینڈک بلوں سے نکلنے کیلئے تیار ہیں جبکہ پاکستانی عوام جوکہ ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ابن الوقت اور نام نہاد ٹانگہ پارٹیوں سے خود نمٹ لیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایک کھلی کچہری کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم طاہرالقادری کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہیں گے اور اگر انہیں کنٹینر چاہئے تو وہ بھی تمام سہولتیں کیساتھ فراہم کریں گے لیکن ہوسکتا ہے کہ ہم اس طرح کا کنٹینر تیار نہ کرسکیں جس میں ان کے مرید تو پریشان ہیں اور طاہرالقادری خود کنٹینر میں سکون سے بیٹھ کر اپنے مریدوں کی پریشانی کا نظارہ کریں۔

عابد شیر علی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور ان کی کی جماعت کو مشورہ دیا جکہ وہ پہلے اپنے صوبہ کے پی کے پر توجہ دیں اور وہاں سے کرپشن ختم کریں۔ وفاقی حکومت پر بلاوجہ تنقید کرنے کی بجائے ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگراموں میں حکومت کا ساتھ دیں اور آئندہ الیکشن تک انتظار کریں۔