مبشر لقمان نے ٹی وی پر آنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی عائد کردہ پابندی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، ہائیکورٹ کے حکم کو خلاف آئین قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دینے کی استدعا

پیر 16 جون 2014 20:52

مبشر لقمان نے ٹی وی پر آنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی عائد کردہ پابندی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جون۔2014ء) نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے سینئر اینکر مبشر لقمان نے اپنی ٹی وی پر آنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے لگائی گئی پابندی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ مبشر لقمان کی جانب سے سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پیر کو دائر کی جس میں ہائیکورٹ کے حکم کو خلاف آئین قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ ہائی کورٹ کا حکم غیر قانونی اور ٹھوس وجوہات کے بغیر جاری کیا گیا‘ فاضل جج نے پیمرا کو یکطرفہ طور پر حکم جاری کیا ‘ فیصلہ جانبدارانہ ہے۔ درخواست گزار مبشر لقمان کا کہنا ہے کہ جج اپنے حلف کے تحت آئین کا پابند ہے لیکن جج نے آئین کی خلاف ورزی کی‘ مبشر لقمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متنازع حکم خلاف قانون ہے‘ کیونکہ کسی کو پروگرام سے روکنا کیلئے پیمرا معاملے کا خود جائزہ لینے کا پابند ہے‘ عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کے اصولوں کی پابندی نہیں کی‘ عدالت نے دوسرے فریق کو سنے بعیر یکطرفہ فیصلہ دے دیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے کہا کہ ٹی وی پروگرام کے خلاف درخواستوں کی براہ راست سماعت کا ہائی کورٹ کو اختیار حاصل نہیں‘ لہذا ہائی کورٹ کا حکم کالعدم اور غیر موثر ہے اور ہائی کورٹ کا یہ حکم آئین کے آرٹیکل دو اے‘ دس اے ‘ اٹھارہ اور تیس کے خلاف ہے‘ عدالت سے استدعا ہے کہ اپیل سماعت کیلئے منظور کی جائے اور ہائی کورٹ کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :