کراچی کے علاقے منگھو پیر میں رینجرز کا سرچ آپریشن ، مقابلے میں 2 دہشتگرد ہلاک

جمعہ 20 جون 2014 14:16

کراچی کے علاقے منگھو پیر میں رینجرز کا سرچ آپریشن ، مقابلے میں 2 دہشتگرد ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جون 2014ء) کراچی کے علاقے منگھو پیر میں رینجرز سے مقابلے کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کے 2 جوان بھی شدید زخمی ہوگئے۔ دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب دہشتگرد عابد مچھڑ کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے منگھو پیرمیں سرچ آپریشن کیا جس میں رینجرز کے کمانڈوز کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

آپریشن سے قبل علاقے کے محاصرے کے دوران دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ بھرپور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے جس میں عابد مچھڑ کے بھی ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق عابد مچھڑ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر تھا جو منگھو پیر سے اپنا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشتگرد پولیس کو دہشتگردی سمیت دیگر مختلف وارداتوں میں مطلوب تھا جس کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں، دوسری جانب 2 دہشگردوں کی ہلاکت کے بعد رینجرز نے علاقے میں ممکنہ طور پر مزید شرپسندوں کی موجودگی کے خدشہ کے پیش نظر علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ زخمی دونوں اہلکاروں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :