سابق صدر پرویز مشرف کا الطاف حسین کو فون، طاہرہ آصف کے انتقال پر اظہار تعزیت

جمعہ 20 جون 2014 20:22

سابق صدر پرویز مشرف کا الطاف حسین کو فون، طاہرہ آصف کے انتقال پر اظہار ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء) سابق صدر پرویز مشرف نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سابق صدر نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خاتون رکن قومی اسمبلی کو نشانہ بنا کر قتل کرنا سفاکیت اور ظلم کی انتہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر قائد ایم کیو ایم الطاف حسین، پارٹی کے ذمہ داران اور مقتول کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔دوران گفتگو الطاف حسین کا کہنا تھا کہ لاہور میں مسلح دہشت گردوں نے طاہرہ آصف کو شناخت کرنے کے بعد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جبکہ اس سے قبل بھی حق پرست ارکان سندھ اسمبلی حیدر رضا، منظر امام ، ساجد قریشی اور ان کے صاحبزادے کو سفاکی سے قتل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل وغارت گری کے باوجود ایم کیوایم کے رہنماں، منتخب نمائندوں ، ذمہ داروں اورکارکنوں کے حوصلے بلند ہیں، 35 سال تک ہرقسم کی آزمائشوں کا ثابت قدمی سے سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی حق پرستی کی جدوجہد جاری رہے گی۔