مہا راجہ رنجیت سنگھ کی 175ویں برسی میں شرکت کیلئے344سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

ہفتہ 21 جون 2014 19:44

مہا راجہ رنجیت سنگھ کی 175ویں برسی میں شرکت کیلئے344سکھ یاتری پاکستان ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین21جون۔2014ء) مہا راجہ رنجیت سنگھ کی 175ویں برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے 344سکھ یاتری خصوصی ٹرین کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے۔واہگہ ریلوے اسٹیشن پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز خالد علی سمیت متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران اور سکھ رہنما ؤں نے انکا استقبال کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ یاتریوں کے جتھہ لیڈر سردار گرمیت سنگھ نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے مشکور ہیں جنہوں نے ان کی آمد کے موقع پر بہترین انتظامات کئے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اسی طرح دونوں حکومتوں کو بھی ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب ہونے کا موقع ملے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری شرائنزخالد علی نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ سکھ یاتریوں کی رہائش ، سیکیورٹی اور بہترین سفری سہولیات سمیت دیگر تما م ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔

سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ ریلوے اسٹیشن سے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب روانہ ہو گئے جہاں وہ اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد آج ( اتوار ) کوگوردوارہ سچا سودا فاروق آبادجائیں گے اور واپس ننکانہ صاحب آ جائیں گے۔ سکھ یاتری 23جون کو گورد وارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کا دورہ کرینگے اور 25جون تک وہاں قیام کریں گے اور اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔

سکھ یاتری 26جون کوحسن ابدال سے گورد وارہ ڈیرہ صاحب لاہور آئیں گے اور 28جون کو گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد گوجرانوالہ جائیں گے،29جون کوڈیرہ صاحب میں بھوگ اکھنڈ پاٹھ کی رسم ادا کی جائے گی ، سکھ یاتری یہاں اپنی دیگرمذہبی رسومات ادا کریں گے او ر سکھ یاتری اپنی یاترا مکمل کر کے 30جون کو واپس بھارت چلے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :