طاہرالقادری کے ٹیکس معاملات اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع

منگل 24 جون 2014 11:30

طاہرالقادری کے ٹیکس معاملات اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جون 2014ء) وفاقی حکومت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے بارے میں منی لانڈرنگ سمیت اثاثہ جات کی چھان بین اورٹیکسوں کے معاملات کی تحقیقات شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی طرف سے ایف بی آر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو خط لکھے گئے ہیں جس میں ان اداروں سے طاہر القادری، ان کے صاحبزادوں، انکے اداروں و جماعت کے بارے میں معلومات و ریکارڈمانگا گیا ہے۔

ایف بی آرکولکھے جانy والے لیٹر میں کہا گیاکہ طاہر القادری اور ان کے ادارے وجماعت کی طرف سے جمع کرائے جانیوالے گوشواروں کی تفصیلات بتائی جائیں اور یہ بھی بتایا جائے کہ طاہر القداری کی طرف سے بڑے پیمانے پر جو تشہیری مہم چلائی گئی اس کا ریکارڈبھی فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کی طرف سے لکھے جانیوالے لیٹر میں یہ بھی تفصیلات منگوائی گئی ہیں طاہرالقادری کے اخراجات کتنے ہیں اور وہ کہاں سے پورے ہوتے ہیں اور انکے ذرائع آمدنی کیا ہیں اوریہ کہ طاہر القادری انکے صاحبزادوں و انکی جماعت اور اداروں کی طرف سے جو آمدنی ظاہر کی گئی ہے وہ انکے اخراجات سے مطابقت رکھتی ہے یا نہیں؟۔

علاوہ ازیں یہ بھی ریکارڈ مانگا گیا ہے کہ انکے انکی جماعت و اداروں کے بینک اکائونٹس کی کیا تفصیلات ہیں اور بیرون ممالک سے فنڈز اگر آتے ہیں تو وہ کس چینل سے آتے ہیں اور اگر بینکنگ چینل سے آتے ہیں تو کس مد میں اور کس نام سے آتے ہیں۔