حکومت سے ماڈل ٹاؤن میں چلنے والی ایک ایک گولی کا حساب لیا جائے گا، طاہرالقادری

بدھ 25 جون 2014 22:24

حکومت سے ماڈل ٹاؤن میں چلنے والی ایک ایک گولی کا حساب لیا جائے گا، طاہرالقادری

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جون۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا بلکہ ایک ایک گولی کا حساب ہوگا۔نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ظلم و بربریت اور دہشت گردی کا انتقام انقلاب ہوگا اور انقلاب رواں سال ہی آئے گا، نئے نظام انقلاب کے تحت حکومت سے بدلہ لیں گے اور آئی جی سے پولیس اہلکار تک ہر کسی کو پکڑیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پرپنجاب حکومت کے کسی ادارے یا کمیشن پر یقین نہیں رکھتے، جب تک نواز شریف اور شہباز شریف اقتدار میں ہیں کوئی انکوائری نہیں ہوسکتی۔سربراہ عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ انقلاب لائے بغیر وہ ملک چھوڑ کر نہیں جائیں گے اور ملک میں انقلاب تک یہیں رہیں گے، انہوں نے پنجاب پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار استعفے دے دیں اور وردیاں پھینک دیں،حکمرانوں کو ایک ایک گولی کا حساب دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا قوم موجودہ دور کے ہٹلر اور مسولینی کی غلط معلومات پر کان نہ دھریں اور انقلاب کے لئے تیار ہوجائیں۔