آئندہ کسی حال میں بھی معصوم شہریوں پر فائرنگ کی اجازت نہیں ہو گی ‘ آئی جی پنجاب

جمعرات 26 جون 2014 21:25

آئندہ کسی حال میں بھی معصوم شہریوں پر فائرنگ کی اجازت نہیں ہو گی ‘ آئی ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2014ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ ہر شہری ہمار ااپنا ہے اور اس کے جان ومال کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا،اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے ہر شہری کو تحفظ فراہم کیا جائے گااور آئندہ کسی حال میں بھی معصوم شہریوں پر فائرنگ کی اجازت نہیں ہو گی ،کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں پولیس فورس قانون کے دائرہ کا ر میں رہتے ہوئے طے شدہ سٹینڈنگ آپریٹینگ پروسیجر کی پیروی کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سیکھیرا نے پولیس لائن قلعہ گجرسنگھ لاہور میں کرائم اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں قائمقام سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید ، ایس ایس پی آپریشنز لاہو روقا ص نذیر ، کے علاوہ تمام ڈویژنل ایس پیز، ڈی ایس پیز کے علاوہ تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی پولیس سربراہ نے افسروں پر زور دیاکہ پولیس کی ترجیحات میں کرائم کو کنٹرول کرنا ، عوامی جان ومال کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی شامل ہے اور انکی ادائیگی کے لیے فورس کو نئے سرے سے اپنا مورال بلند کرنا ہوگا تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جاسکے آئی جی پنجاب نے افسروں کو یقین دلایا کہ پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لیے وہ فورس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اورکسی صورت اس کا مورال گرنے نہیں دیا جائے گا۔

اجلاس میں میٹر و پولیٹن لاہور میں قتل،ڈکیتی ، چوری ، موبائل چھیننا، کار چوری ، سٹریٹ کرائم کی صورتحال کی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ شکایت کنندگان کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کے بروقت ازالے کے لیے بھرپور تعاون کریں تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان خلیج کو کم کیا جاسکے اور عوام کے پولیس پر اعتماد کو بحال کیا جاسکے۔

انہوں نے خصوصی طور پر تجارتی مراکز، رہائشی علاقوں ، بنکوں اور دیگر اہم مراکز پر پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت کی اس کے علاوہ انھوں نے افسروں سے کہا کہ وہ مجرموں کے گرد گھیرا تنگ کردیں تاکہ شہری پر امن ماحول میں کاروبار زندگی چلا سکیں۔مشاق سیکھیرا نے یہ بھی کہاکہ کالی قمیض خوف اور دہشت کی بجائے امن اور تحفظ کی علامت بنانے کے لیے ہم سب کو دن رات کام کرنا ہوگااور اسی طریقے سے ہم عوام کے سامنے سرخرو ہو سکیں گئے۔

متعلقہ عنوان :