شمالی وزیرستان کی ترقی کیلئے جتنی بھی رقم خرچ کرنا پڑی کریں گے، وزیراعظم

جمعہ 27 جون 2014 12:10

شمالی وزیرستان کی ترقی کیلئے جتنی بھی رقم خرچ کرنا پڑی کریں گے، وزیراعظم

بنوں(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 2جون 2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی آبادکاری کے لئے اربوں کھربوں روپے بھی خرچ کرنا پڑے تو کریں گے اور اس میں کسی قسم کی کنجوسی سے کام نہیں لیا جائے گا۔ بنوں میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے بنوں میں قائم کیمپوں میں مقیم مہاجرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کی تکالیف کا احساس ہے، متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں، یقین دلاتا ہوں کہ بہت جلد متاثرین کو ان کے علاقوں میں آباد کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں اسکول کالجز، اسپتال، صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے اور سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور غربت میں کمی واقع ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے متاثرین کے لئے فی کس خاندان امدادی رقم 12 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا جبکہ انہوں نے رمضان المبارک کے پیش نظر حکام کو فی خاندان 20 ہزار روپے اضافی دینے کی بھی ہدایت کی ۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ متاثرین کو فراہم کردہ رقم کوئی احسان نہیں بلکہ حکومت کا فرض ہے اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی تک حکومت متاثرین کی خدمت کرتی رہے گی۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف کے بنوں پہنچنے پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد انہوں نے کور کمانڈر بنوں اور دیگر فوجی افسران اور جوانوں سے ملاقات کی جبکہ حکام نے انہیں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے بنوں میں قیام کرنے والے متاثرین کے لئے کے گئے اقدمات کے حوالے بریفنگ دی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کے ہمراہ گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب، وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک ، وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید اور وفاقی وزیر سیفران قادربلوچ بھی ہیں۔