شیخ رشید”بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ“بنا پھررہا ہے وہ صرف ”سرٹیفائیڈ میراثی“ ہونے کا ریکارڈ بنا سکتے ہیں، رانا مشہود احمد

بدھ 2 جولائی 2014 18:32

شیخ رشید”بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ“بنا پھررہا ہے وہ صرف ”سرٹیفائیڈ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2جولائی 2014ء ) صوبائی وزیر قانون،کھیل وتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ شیخ رشید”بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ“بنا پھررہا ہے وہ صرف ”سرٹیفائیڈ میراثی“ ہونے کا ریکارڈ بنا سکتے ہیں پاکستان کے عوام باشعور اور باکردار ہیں،جمہوری حقو ق کے لئے پرامن سیاسی سرگر میوں سے کسی کو نہیں روکا جائے گا ،پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں نوجوانوں نے بہت اہم کردار ادا کیا تھا،آج ہمیں پاکستان کو بچانے کا معاملہ درپیش ہے،وطن عزیز کو اس نازک موڑ سے کامیابی کے ساتھ آگے بڑھانے کے لئے ہماری نوجوان نسل پوری قوم کے شانہ بشانہ میدان عمل میں نکلنے کو تیار ہے۔

جی سی یونیورسٹی لاہور میں وائس چانسلر ز کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہو د احمد خاں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

دنیاکی نظریں آج پاکستان پر مرکوز ہیں۔یہ سیاست کا نہیں پاکستان کو مضبوط بنانے اور وطن کی سالمیت کا تحفظ کرنے کے لئے متحد ہونے کا وقت ہے۔حکومت پنجاب صوبہ بھر میں ”فنڈ ریزرز“ کے نام سے جو والنٹیئرفورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے،وہ تعداد کے لحاظ سے گینز ورلڈریکارڈ ز میں اپنا نام درج کرائے گی۔

اس فورس کو یہ ذمہ داری بھی دی جارہی ہے کہ ہر چھوٹے بڑے شہر میں جہاں باقاعدہ سٹیڈیم موجود ہیں،وہاں علاقے کے سینئر کھلاڑیوں اور نوجوان کھلاڑیوں کے امتزاج سے مختلف ٹیمیں تشکیل دیں۔ان ٹیموں کے مابین دوستانہ میچ منعقد کرائے جائیں گے جن میں وطن عزیز کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے فوجی شہداء کے ورثاء کو چیف گیسٹ کے طور پر مدعو کیا جائے گا اور پورا سٹیڈیم ان شہیدوں کے احترام میں کھڑے ہو کر ان کی جراتوں کو سلام پیش کرے گا۔

پنجاب سپورٹس بورڈ ان امدادی میچوں کا بندوبست کرے گا اور ٹکٹوں کی مالیت معمول سے زیادہ رکھی جائے گی تاکہ آئی ڈی پیز کے سر پر ہاتھ رکھا جائے۔تحریک انصاف کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر سونامی مارچ کے ارادے پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور اور باکردار ہیں۔جمہوری حقو ق کے لئے پرامن سیاسی سرگر میوں سے کسی کو نہیں روکا جائے گا لیکن جو لوگ ”تارا مسیح خان“بن کر پاکستانی پولیس اہلکاروں کو اپنے ہاتھوں پھانسی لگانے کی بات کرتے ہیں،وہ اپنی اداؤں پر غور کریں کہ ان کا یہ رویہ طالبان دہشت گردوں جیسا ہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کی کارکردگی میں عمران خان کو اگر ذرا سی بھی کرپشن نظر آتی تو وہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ کے خلاف سونامی مارچ کی بجائے حکومتی کرپشن کے خلاف مہم چلاتے۔انہوں نے تو خود ”کرپٹ مافیا“کے ساتھ ہاتھ ملا لیا ہے اور پاکستان کا خزانہ لوٹنے والے چوہدری برادران کے ساتھ ڈیل کرکے جمہوری نظام کو تہس نہس کرنا چاہتے ہیں مگر عوام انہیں اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

پنجاب میں دنیا کی سب سے بڑی والنٹیئرفورس کے قیام کے حوالے سے ایک صحافی نے وزیر قانون سے سوال کیاکہ شیخ رشید احمد ان دنوں ٹی وی چینلز میں دیر تک نظر آنے کا ریکارڈ قائم کررہے ہیں تو رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ شیخ رشید”بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ“بنا پھررہا ہے۔اس کی اپنی کوئی حیثیت نہیں۔ہر وقت ٹی وی چینلز پرخود ساختہ اور جعلی پیش گوئیاں کرنے والے اس گندے سیاستدان کو ”سرٹیفائیڈ میراثی“کا ورلڈ ریکارڈ دیا جا سکتا ہے۔