سعودی عرب میں جعلی شراب کا دھندا کر نے والے 15 بھارتی گرفتار،پولیس کا ''شاہ رابرٹ''جعلی شراب ساز فیکٹری پر چھاپہ ،پانچ سعودی بھی پکڑے گئے

بدھ 2 جولائی 2014 21:24

سعودی عرب میں جعلی شراب کا دھندا کر نے والے 15 بھارتی گرفتار،پولیس کا ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جولائی۔2014ء) سعودی عرب کے محکمہ انسداد منشیات کے حکام اور پولیس نے جعلی شراب تیار کرنے والی ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا ہے اور وہاں سے پندرہ بھارتی تارکین وطن اور پانچ سعودی شہریوں کو جعلی شراب بنانے اور فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔بھارتی تارکین وطن مقامی سعودی شہریوں کے ساتھ مل کر وسطی گورنری الخارج میں جعلی شراب بنانے کا دھندا کر رہے تھے اور وہ اس کو برطانیہ کے برانڈ ''شاہ رابرٹ دوم'' کے لیبل والی بوتلوں میں بھر کر بلیک مارکیٹ میں فروخت کررہے تھے۔

سعودی حکام نے ان کی فیکٹری سے جعلی شراب کی بوتلوں کے علاوہ بھاری مقدار میں بھنگ بھی ضبط کر لی ہے۔گرفتار ملزمان ''شاہ رابرٹ'' کے نام والی جعلی شراب کو انگلش لیبل والے ڈبوں میں بند کرکے درآمدہ مصنوعات کے طور پر بیچ رہے تھے۔

(جاری ہے)

گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے کسٹم حکام نے ساحلی شہر جدہ میں نصف ٹن سے زیادہ کوکین پکڑی تھی۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی اطلاع کے مطابق یہ خالص کوکین کاغذ کے ایک کنٹینر میں چھپائی گئی تھی۔سعودی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ منشیات کی یہ بھاری مقدار جنوبی امریکا کے ایک ملک سے لائی گئی تھی۔تاہم بیان میں مزید وضاحت نہیں کی گئی تھی کہ یہ کوکین کس ملک سے اور کس گروہ نے بھیجی تھی۔

متعلقہ عنوان :