قوم کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والوں کی کارکردگی پر فخر اور اعتماد ہے‘ نواز شریف، حکومت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی،آئی جی بلوچستان سے بات چیت

بدھ 2 جولائی 2014 21:35

قوم کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والوں کی کارکردگی پر فخر اور اعتماد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جولائی۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کیلئے بلوچستان پولیس نے بہت قربانیاں دی ہیں‘ قوم کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والوں کی کارکردگی پر فخر اور اعتماد ہے۔ بدھ کے روز وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے آئی جی بلوچستان املیش احمد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور بلوچستان کی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پولیس کی کارکردگی قابل اعتماد ہے جنہوں نے جانوں کی قربانیاں پیش کرکے قوم کے سر فخر سے بلند کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پولیس سمیت دیگر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہتر کارکردگی پر فخر ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی بلوچستان پولیس کی کارکردگی معیار کے مطابق ہوگی۔ نواز شریف نے کہا کہ جراتمند پولیس کی مناسب تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی سے تربیت میں بہتری ہوگی اور حکومت ملک و قوم کے تحفظ کیلئے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔