اوگرا کرپشن کیس:توقیر صادق کو تصدیق شدہ انکوائری رپورٹ فراہم کرنے کا حکم

جمعہ 4 جولائی 2014 14:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 4جولائی 2014) عدالت نے توقیر صادق کو تصدیق شدہ انکوائری رپورٹ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس سے متعلقہ تمام دستاویزات فراہم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اوگراکرپشن کیس کی سماعت کی۔ ملزم عقیل کریم ڈھیڈی کے وکیل راجہ عامر عباس نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے فائل کیا گیا ریفرنس جعلی رپورٹ پر مبنی ہے،عدالت انکوائری افسر کو طلب کر کے رپورٹ پر دستخطوں کی تصدیق کرائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے عقیل کریم ڈھیڈی کی درخواست پر انکوائری افسرسے رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے توقیرصادق کی کیس سے متعلقہ تمام دستاویزات کے لئے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے نیب کو حکم دیا کہ توقیر صادق کو صرف تصدیق شدہ انکوائری رپورٹ فراہم کی جائے۔ عدالت نے کہاکہ انکوائری سے متعلقہ دیگردستاویزات فراہم نہیں کی جاسکتیں جبکہ ایک اور ملزم منصور مظفر کی جانب سے دستاویزات فراہمی کی درخواست پر عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ٹرائل کے دوران ضرورت پڑنے پر منصورمظفر کو دستاویزات فراہم کردی جائیں گی۔