مسلم لیگ (ن) میں اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں، رانا مشہود

ہفتہ 5 جولائی 2014 15:31

مسلم لیگ (ن) میں اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں، رانا مشہود

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5جولائی 2014ء) وزیرقانون پنجاب رانا مشہود کہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) ”گلو بٹ “جیسے کرداروں پر یقین نہیں رکھتی، پارٹی میں اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں۔ لاہور میں تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ہم سانحہ منہاج القرآن میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ورثاء کو انصاف دلانے کے لئے ہی جوڈیشل کمیشن قائم کیا گیا ہے لیکن طاہر القادری کمیشن سے تعاون کرنے کے بجائے لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو گولیاں 50 فٹ دوری سے لگیں اور نیچے کھڑے پولیس اہل کار اتنی دور سے لوگوں کو نشانہ نہیں بناسکتے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی شہباز شریف سانحہ لاہور کے تمام ذمہ داروں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہتے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں سب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جا ئے گا۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ”گلو بٹ “جیسے کرداروں پر یقین نہیں رکھتی، ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کی حکمرانی کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) میں اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں۔ مسلم لیگ (ن) چور دروازے سے نہیں عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئی ہے اور ہمیں صرف جمہو ری اور آئینی طریقے سے ہی ہٹایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتاہے کہ وہ احتجاجی تحر یک کے ذریعے موجودہ حکومت کو ختم کردے گا تو ایسا کسی صورت ممکن نہیں ، ہم تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانون خود حرکت میں آئے گا۔

متعلقہ عنوان :