عراق: ابوبکر کے خلیفہ بننے کے بعد پہلی ویڈیو جاری

ہفتہ 5 جولائی 2014 22:57

عراق: ابوبکر کے خلیفہ بننے کے بعد پہلی ویڈیو جاری

موصل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جولائی۔2014ء)عراق اور شام کے عسکریت پسندوں کی تنظیم آئی ایس آئی ایل کی جانب سے خلیفہ نامزد کیے جانے والے ابوبکر البغدادی کی پہلی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ابوبکر البغدادی کی ویڈیو موصل کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے موقع پر خطاب کے دوران بنائی گئی ہے۔اکیس منٹ کی ویڈیو میں البغدادی کو سیاہ کپڑوں میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ آہستہ آہستہ ممبر پر چڑھ رہے ہے، واضح رہے کہ موصل عراق کا دوسرا بڑا شہر ہے جس پر عسکریت پسند گزشتہ ماہ قابض ہو گئے تھے۔

ویڈیو کی ابتدا میں خلیفہ ابراہیم امیر المومنین دولت اسلامیہ تحریر شدہ آتا ہے اس کے بعد اذان سنائی دیتی ہے جس کے بعد ابوبکر ابراہیم کو خطاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ابوبکر البغدادی خطاب میں کہتے ہیں کہ اللہ نے آپ کے بھائیوں کو فتح نصیب کی ہے، مجاہدین نے کئی سال کی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد اس کامیابی کو پایا ہے اور وہ ایک طویل جدوجہد کے بعد اس کامیابی کے حصول میں کامیاب ہو سکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بالآخر وہ اس مقام پر پہنچ گئے کہ ایک اسلامی ریاست کے قیام اور امام کی تقرری کر سکیں، یہ تمام مسلمانوں کی ذمہ داریوں میں شامل تھا مگر کئی صدیوں سے یہ ذمہ داری درحقیقت ادا نہیں کی جا رہی تھی اور مسلمان اس کو بھلا چکے تھے۔جمعہ کے خطبے میں وہ مزید کہتے ہیں کہ مجھ پر ایک بھاری ذمہ داری عائد کر دی گئی ہے اور مجھ پر اعتماد ظاہر کیا گیا ہے، مجھے آپ لوگوں کا نگراں مقرر کیا گیا ہے، میں آپ سب سے اعلیٰ یا بہترین شخص نہیں ہوں جب آپ مجھے درست کام کرتے ہوئے دیکھیں تو میری مدد کریں اور اگر آپ مجھے امور کو درست انداز میں کرتے ہوئے نہ پائیں تو مجھے نصیحت کریں۔

عالمی ذرائع ابلاغ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ویڈیو کی تصدیق نہیں کی جا سکی ہے کہ یہ کتنی پرانی ہے اور ویڈیو کے معیار کی وجہ سے اس بات کی تصدیق بھی ممکن نہیں کہ آیا یہ شخص ابوبکر ابراہیم ہی ہیں یا نہیں۔