اسلام آباد دوست کے ساتھ ملکر والد کو قتل کرنے والی لڑکی گرفتار

پیر 7 جولائی 2014 15:31

اسلام آباد دوست کے ساتھ ملکر والد کو قتل کرنے والی لڑکی گرفتار

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2014ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے اپنے ایک دوست کے ساتھ مل کر والد کو قتل کرنے والی نوجوان خاتون کو حراست میں لے لیا۔چھبیس جون کو مہربان ٹاوٴن تھانے کے رہائشی طاہر حسین کی مدعیت میں کورل پولیس تھانے میں رپورٹ درج کروائی گئی تھی کہ اس کے بھائی زاہد حسین کو دو افراد نے اس کی 21سالہ بیٹی کے سامنے قتل کردیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ملزمان نے مقتول کی بیٹی کے ساتھ ریپ بھی کیا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا لیکن ملزمان کو تلاش کرنے میں ناکام رہی۔تین جولائی کو ایس ایس پی اسلام آباد محمد علی نیکوکارہ نے ایس پی انوسٹی گیشن جمیل احمد ہاشمی کو ہدایات دیں کہ وہ کیس کی تفتیش کیلئے ایک ٹیم تشکیل دیں تفتیشی ٹیم نے مقتول کی بیٹی سمیت خاندان کے دیگر افراد کے بیانات ریکارڈ کیے۔

(جاری ہے)

کیس کی مختلف زاویوں سے تفتیش کے بعد پولیس کو اس قتل میں مقتول کی بیٹی کے ملوث ہونے کا شبہ ہوا مزید تفتیش کے دوران خاتون نے مری کے رہائشی اپنے ایک دوست کے ساتھ مل کر اپنے والد کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔خاتون نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس نے چھبیس جون کی رات اپنے دوست کو گھر پر بلایا تھا جہاں ان کے والد نے اْن دونوں کو اکھٹے دیکھ لیا تھا۔خاتون کے مطابق جب میرے والد نے میرے دوست کی پٹائی شروع کی تو ہم دونوں نے گلا گھونٹ کر انھیں قتل کردیا۔پولیس نے خاتون کے ساتھ ملزم کو بھی گرفتار کر کے دونوں کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :