ارجنٹائن ہالینڈ کو روند کر فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2014 کے فائنل میں پہنچ گیا

جمعرات 10 جولائی 2014 11:39

ارجنٹائن ہالینڈ کو روند کر فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2014 کے فائنل میں پہنچ گیا

ساؤ پاؤلو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2014ء) فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2014 کے دوسرے سیمی فائنل مرحلے میں ارجنٹائن نے ہالینڈ کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر 24 برس بعد فائنل کھیلنے کا خواب حقیقت کر دکھایا۔ ساؤپاؤلو میں کھیلے گئے دوسرے دلچسپ اور سنسنی خیز سیمی فائنل میں دونوں ٹیمیں فائنل کھیلنے کا خواب سجا کر میدان میں اتریں لیکن کوئی ٹیم دونوں ہاف میں گول نہ کرسکی، برازیل اور جرمنی کے درمیان پہلے سیمی فائنل میں گولوں کی بارش کو دیکھتے ہوئے امید کی جارہی تھی کہ ارجنٹائن اور ہالینڈ کے درمیان میچ میں بھی کچھ اسی طرح کا دیکھنے کو ملے گا لیکن مقررہ اور اضافی وقت میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

(جاری ہے)

میچ کے پہلے ہاف کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کے کورٹس پر حملے کرنے کے بجائے دفاعی انداز اپنایا۔ ہالینڈ کے دفاعی کھلاڑیوں نے جہاں ارجنٹائن کے کپتان لیونیل میسی کو گھیرے رکھا اور انھیں کھل کر کھیلنے نہیں دیا وہیں ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑی میشارانو نے ڈچ آئن روبن پر توجہ مرکوز کیے دکھائی دیے۔

دونوں ٹیموں کے دفاعی انداز کے باعث تماشائی اکتا گئے اور انہوں نے کھیل میں سست رفتاری پر کھلاڑیوں پر ہوٹنگ کرنا شروع کردی اور اس طرح پہلا ہاف تمام ہوا۔

کھیل کے دوسرے ہاف میں ارجنٹائن کو 74ویں منٹ میں گول کرنے کا سنہری موقع ملا لیکن ہیگوائن گول کرنے میں ناکام رہے۔ مقررہ وقت کے آخری لمحات میں ارجنٹائن کے ڈیفینڈر میشارانو نوآئن نے آئن رابن کے یقینی گول کو روک کر ہالینڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں گول نہ کرسکیں۔

اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور اس دوران ارجنٹائن کو ہی 2 بار گول کرنے کا موقع ملا لیکن پہلے رودریگز پلاسیو کا کمزور ہیڈر کیپر نے باآسانی روک لیا اور پھر میکسی رودریگز کی کمزور کک بھی انھیں چکمہ دینے میں ناکام رہی جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا۔

ارجنٹائن کی جانب سے کپتان لیونل میسی، گیرائے، اگوایرو اور میکسی رادریگز نے کامیاب پینلٹی لگائیں جبکہ ہالینڈ کے آئن رابن اور کاؤت نے کامیاب شوٹ لگائیں تاہم شنائیڈر گول کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد 24 برس بعد ارجنٹائن کا فائنل کھیلنے کا خواب پورا ہوا۔

واضح رہے کہ 13 جولائی کو ریوڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا جس نے پہلے سیمی فائنل میں برازیل کو عبرتناک 1-7 سے شکست دی تھی جبکہ تیسری پوزیشن کے لئے ہفتہ کو ہالینڈ اور برازیل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔