وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو چیرمین پی سی بی کے عہدے سے ہٹا دیا

جمعرات 10 جولائی 2014 13:34

وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو چیرمین پی سی بی کے عہدے سے ہٹا دیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کو ان کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے عبوری انتظامی کمیٹی کو کام کرنے سے روک دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں چیرمین پی سی بی تقرری کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور کرکٹ بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کو کام کرنے روک دیا ہے۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم نے جسٹس ریٹائرڈ جمشید علی شاہ کی سربراہی میں پی سی بی کا نیا گورننگ بورڈ تشکیل دے دیا ہے جو 30 روز کے اندر پی سی بی کے انتخابات کرائے گا، نجم سیٹھی گورننگ بورڈ کے رکن ہوں گے۔

(جاری ہے)

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جسٹس ریٹائرڈ جمشید علی شاہ الیکشن کمیشن کے سربراہ بھی ہوں گے اور وہ روزانہ کی بنیاد پر قائم مقام چیرمین پی سی بی کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔

جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ جسٹس ریٹائر کرامت بھنڈاری کرکٹ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، انھیں ہی کرکٹ بورڈ کا الیکشن کمشنر بنانا چاہیئے تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ حکومت جمعرات تک پی سی بی کے انتخابات کرانے کے لئے الیکشن کمشنر کا اعلان کر دے گی۔