سعودی عرب ،بناوٹی خلیفہ ایک مرتبہ پھرکویتی شاعرہ کے ہمراہ نمودارہوگیا

جمعرات 10 جولائی 2014 18:44

سعودی عرب ،بناوٹی خلیفہ ایک مرتبہ پھرکویتی شاعرہ کے ہمراہ نمودارہوگیا

جدہ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) چند روز قبل سعودی عرب میں عوام اور میڈیا کی توجہ کا مرکز بننے والا ترک خلیفہ کی طرح لباس پہنے بناوٹی سلطان ایک مرتبہ پھر نمودار ہوا ہے، اب کی بار نمائشی 'بادشاہ ' اکیلے نہیں بلکہ کویتی شاعرہ نھا نبیل نے ان کے ساتھ فوٹو بنوایا ہے۔ میڈیا میں آنے والی تصویر سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ ترک خلیفہ کے ہمراہ ان کی ایک چہیتی بیوی کھڑی ہے۔

خیال رہے کہ خلیفہ کا لباس زیب تن کرنیوالے یہ صاحب کوئی حقیقی شخصیت نہیں بلکہ وہ مکہ مکرمہ میں کعبہ اللہ کی زیارت کیلئے داغستان سے آئے تھے۔ ان کے ملک میں عام طور پر شہری خلفاء کے لباس کو زیادہ قابل احترام خیال کرتے ہوئے اسے زیب تن کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ شائد ان کے اس حلئے کی بھی یہی وجہ ہے۔

(جاری ہے)

کویتی شاعرہ اور صحافیہ نھا نبیل نے جعلی بادشاہ سلامت کیساتھ بنوائی اور اپنی تصویر سماجی رابطے کے فوٹو شیئرنگ فورم 'انسٹا گرام' پر بھی پوسٹ کی ہے جس پر مختصر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ تصویر ترک ڈراموں میں اداکاری کے ذریعے بادشاہ اور اس کی ملکہ کی ڈرامائی تمثیل سے کافی مشابہت رکھتی ہے۔

خیال رہے کہ یکم رمضان المبارک کو حرم مکی میں زائرین ترک سلطان کے لباس میں ملبوس ایک شخص کو دیکھ کر مبہوت رہ گئے تھے۔ بعض نے تو موصوف کو دولت اسلامیہ عراق وشام "داعش" کا خلیفہ سمجھ لیا تھا۔ لوگوں کی توجہ کا مرکز بننے والے اس غیر ملکی درویش بادشاہ کے بارے میں جب حرم کی پولیس کو پتا چلا تو انہوں نے اسے ڈھونڈ نکالا۔اس کی حقیقت یہ سامنے آئی کہ وہ داغستان سے تعلق رکھتا ہے اور عمرہ ادائی کے بعد اس نے اپنا عام لباس پہن لیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے منفرد لباس پہننے والے شہری سے کہا ہے کہ وہ ایسا لباس زیب تن کرنے سے گریز کرے جو لوگوں میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کا باعث بنے اس کے بعد معلوم نہیں ہو سکا کہ اس نے پولیس کی ہدایت پر لباس تبدیل کیا تھا یا نہیں البتہ وہ منظر سے غائب ہو گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :