غزہ،اسرائیلی جارحیت چوتھے روز میں داخل ،مزید سات فلسطینی شہید،ہلاکتوں کی تعداد 100سے تجاوز کرگئی ،جنوبی اسرائیل پر غزہ سے داغا گیا راکٹ ایک پٹرول اسٹیشن پر گرنے سے تین افراد زخمی،اسرائیلی فوج کا تین راکٹ ناکارہ بنانے کا دعوی

جمعہ 11 جولائی 2014 17:48

غزہ،اسرائیلی جارحیت چوتھے روز میں داخل ،مزید سات فلسطینی شہید،ہلاکتوں ..

غزہ سٹی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جولائی۔2014ء) فلسطینی علاقوں میں اسرائیل فضائی حملے چوتھے روز میں داخل ہو گئے ہیں، غزہ سٹی میں اسرائیلی طیاروں کے ایک فلسطینی کے گھر پر حملے سمیت دیگر کارروائیوں میں مزید سات فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ،دوسری جانب غزہ پٹی سے اسرائیل پر راکٹ حملے بھی جاری ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی غزہ میں جمعہ کے روز ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں پانچ فلسطینی ، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ، مارے گئے ، یہ بات طبی ذرائع نے بتائی ۔

غزہ کی ہنگامی سروسز کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے اس فضائی حملے میں رفاہ میں اسلامک جہاد سے تعلق رکھنے والے ایک جنگجو کے گھر کو نشانہ بنایا گیا جس میں 15دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ۔

(جاری ہے)

غزہ میں ہنگامی سروس کے ترجمان اشرف القدرہ نے اسرائیلی حملے میں مارے جانیوالے فلسطینی کے نام کی شناخت 33سالہ انس ابوالخاص کے نام سے کی ہے جو تل الحوا کے نواحی شہر کا مکین تھا۔

تل الحوا میں اس حملے کے بعد غزہ میں اسرائیل کی جانب سے شروع کئے گئے آ پریشن پروٹیکٹو ایج ، جو منگل کے روز سرحد پر سے جنگجوؤں کی جانب سے راکٹ فائر کئے جانے کے بعد شروع کیا گیا تھا ۔غزہ کے آئینی شاہدین نے کہا ہے کہ اب تک اسرائیل کی جانب سے اس علاقے میں 15حملے کئے جاچکے ہیں ۔اسرائیلی فوج نے ابو الخاص کی ہلاکت کے حوالے سے فوری طور پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے ، اس سے قبل جاری کئے گئے یک بیان میں بتایا گیا تھا کہ غزہ میں جنگجوؤں کی جانب سے جمعرات کے روز تقریباً140راکٹ فائر کئے گئے جبکہ 44 دیگر کو اسرائیل کے اینٹی میزائل سسٹم ڈوم نے ناکارہ بنا دیا ۔

ادھر وسطی غزہ پٹی پر ایک اسرائیلی فضائی حملے میں دو افراد مارے گئے جس کے بعد ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ چار روزہ تشدد میں ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے ۔وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ دو افراد بیوریج علاقے میں ایک میونسپلٹی کار میں سفر کررہے تھے جبکہ حملے میں ایک تیسرا شخص شدید زخمی ہو گیا ۔ دوسری جانب غزہ سے داغا گیا ایک راکٹ جمعہ کے روز جنوبی اسرائیل میں ایک پٹرول اسٹیشن پر آگرا جس سے زور دار دھماکہ ہوا اورتین افراد زخمی ہو گئے ۔

فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آشدود پر متعدد راکٹ داغے گئے جن میں سے ایک گیس سٹیشن پر گر گیا جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ تین زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ایمرجنسی سروسز کے ترجمان ایلیبن نے غزہ سے 28کلومیٹر (سترہ میل) شمال میں واقع آشدود کے جنوبی بندرگاہی شہر میں پیش آنیوالے واقعہ سے متعلق سرکاری ریڈیو کو بتایا کہ تین افراد اس میں زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی ، ایمرجنسی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہیں۔ دریں اثناء غزہ میں مزاحمت کاروں کی جانب سے داغے گئے تین راکٹ تل ابیب کے علاقے میں اسرائیل کے آئرن ڈوم میزائل شکن نظام کی مدد سے تباہ کردیئے گئے ، یہ بات فوج نے کہی۔فوج نے ایک بیان میں کہاکہ وسطی تل ابیب پر تین راکٹ داغے گئے ، تمام تینوں کو تل ابیب میٹروپولیٹن علاقے کے اوپر سے گزرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا گیا ۔راکٹ حملے کی ذمہ داری غزہ میں حماس کے مزاحمت کاروں نے قبول کی ہے جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے تل ابیب کے باہر بن غوریون ایئرپورٹ پر چار ایم 75میزائل داغے ۔