دبئی کی جیل میں قید 9خواتین کی پاکستان منتقلی کیلئے درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی

ہفتہ 12 جولائی 2014 17:20

دبئی کی جیل میں قید 9خواتین کی پاکستان منتقلی کیلئے درخواست سندھ ہائی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12جولائی 2014ء) حقوق انسانی کی تنظیم صارم برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کی جانب سے دبئی کی جیل میں مقید 9خواتین جو مختلف کیسز میں پابند سلاسل ہیں ان کی پاکستان منتقلی کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں اپیل لگا دی گئی ۔ ٹرسٹ کے چےئر مین صارم برنی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ میں دبئی کی جیل سے ایک خاتون نے رابطہ کیا کہ ہم 9 خواتین ہیں جو یہاں پچھلے کئی سالوں سے قید و بند کی صعوبتیں برادشت کر رہی ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کا معاہدہ بھی ہوچکا ہے کے لیکن ابھی تک ہمارے کیسز پر کسی نے نظر ثانی نہیں کی ہے لہذا ہماری آپ سے گزارش ہے کہ آپ ہمارے لئے کچھ کریں جس پر صارم برنی ٹرسٹ کی جانب سے تمام متعلقہ حکام سے رابطہ کیا گیا اور صدر پاکستان سے بھی اپیل کی گئی جس پر وہاں سے تفصیلات مانگی گئیں جبکہ ٹرسٹ کی وکلاء ٹیم کی جانب سے بھی سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی جس پر سماعتیں چل رہی ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی یہ تمام پاکستانی خواتین پاکستان منتقل کر دی جائینگی ۔

(جاری ہے)

صارم برنی نے کہا کہ ٹرسٹ اس سلسلے میں صدر پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہے جن کی کوششوں کے بدولت ان پاکستانی خواتین کو جلد ہی پاکستان منتقل کر دیا جائے گااور ہم امید کرتے ہیں کہ متعلقہ حکام کا بھی تعاون صارم برنی ٹرسٹ کے ساتھ بھی رہے گا تاکہ جتنے بھی بے گناہ قیدی جو مختلف ممالک میں قید بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں ان کی وطن واپسی کے عمل کو تیز کیا جا سکے ۔

صارم برنی نے کہا کے اگر اسی طرح دیگر ممالک بھی ایک دوسرے کے قیدیوں کو رہا کرکے انہیں ان کے وطن واپس بھیجتے رہیں تو وہ دن دور نہیں جب تمام قیدیوں کا مسئلہ حل ہوجائے گا اور عرصہ دراز سے اپنے ناکردہ جرموں کی سزا کاٹنے والے دونوں ممالک میں قید بے گناہ قیدیوں کو آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہوگا اور سالوں سے اپنے پیاروں کا انتظار کرتے ان کے گھر والوں کو نئی زندگی ملے گی ۔

صارم برنی نے کہا کہ ٹرسٹ اس سلسلے میں اپنی خدمات پیش کرتا آیا ہے اورآئندہ بھی ٹرسٹ کے حوالے سے جو ممکن مدد ہوگی وہ کرے گا ٹرسٹ میں جتنی درخواستیں موصول ہوتی ہیں وہ سب ہم حکومت کو فراہم کرتے ہیں تاکہ بے گناہ پاکستانیوں کی وطن واپسی کا عمل تیز ہوسکے اور ایسے ہی لوگوں کو وطن واپس لاکر ان کے خاندانوں کوجو خوشی ہم فراہم کرینگے وہ خوشی شایدان کے لئے دنیا کی سب سے بڑی خوشی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :