غزہ ،اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے اقوام متحدہ کے دفاتر اور خوراک کے ڈپو تباہ

پیر 14 جولائی 2014 15:40

غزہ ،اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے اقوام متحدہ کے دفاتر اور خوراک ..

غزہ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء) فلسطینی شہر غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے اقوام متحدہ کے دفاتر اور خوراک کے ڈپو بھی محفوظ نہیں رہے ۔مشرقی غزہ میں اسرائیلی طیاروں نے اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی برائے پناہ گزین اونروا کے ایک خوراک ڈپو پر جنگی طیاروں سے بمباری کی بعد ازاں اسی خوراک ڈپو پر توپخانے سے بھی گولہ باری کی گئی۔

(جاری ہے)

غزہ کی وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں اور توپخانے سے گولہ باری کے نتیجے میں غزہ شہر کے مشرق میں اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کا خوراک کا ایک گودام مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق گولہ باری کے نتیجے میں خوراک ڈپو میں آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔ اونروا کی جانب سے جاری بیان میں بھی اسرائیلی فوج کی بمباری میں خوراک کے گودام کے تباہ ہونے کی تصدیق کی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بمباری کے نتیجے میں ڈیڑھ ملین ڈالر کا خوراک کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔خوراک کے گودام پر بمباری کے بعد محکمہ شہری دفاع کے رضاکار جائے وقوعہ پرپہنچ گئے اور انہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔