رائیونڈ آپریشن کو 10 گھنٹے گزر گئے، سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلہ جاری

جمعرات 17 جولائی 2014 11:23

رائیونڈ آپریشن کو 10 گھنٹے گزر گئے، سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے ..

رائیونڈ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17جولائی 2014ء) لاہور کے علاقے راوئیونڈ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جس میں ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ رائیونڈ میں رات گئے دہشتگردوں کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کے دوران کمپاؤنڈ میں موجود دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کا ایک جوان شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

ایس پی زاہد مروت کے مطابق دہشتگردوں کے پاس جدید اسلحہ موجود ہے جس سے فائرنگ کی جارہی ہے جبکہ کمپاؤنڈ سے 3 راکٹ بھی فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں قریبی مکانات کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ رات 2 بجے شروع ہونے والا آپریشن آخری مراحل میں ہے جبکہ دہشتگرد پنڈرائیاں کے ایک کمپاؤنڈ تک محدود ہیں جنہیں چاروں اطراف سے گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ آپریشن میں ایلیٹ فورس کے جوانوں سمیت پولیس اور حساس اداروں کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی فورسز نے پنڈاریاں جانے والے تمام راستے سیل کرتے ہوئے علاقہ مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اور چھتوں پر چڑھنے سے بھی گریز کریں، جبکہ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی مدد کے لئے رینجرز کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کا محاصرہ کرلیا جبکہ رینجرز کی جانب سے دہشتگردوں کو ہتھیار پھینکنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ راوئیونڈ میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سمیت کئی دیگر اہم شخصیات کی رہائشگاہیں ہیں۔