فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالم اسلام کھل کر اپنا موقف واضح کرے،سید مصطفی اکبر جعفری

جمعرات 17 جولائی 2014 14:46

خیرپور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 17جولائی 2014ء) فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالم اسلام کھل کر اپنا موقف واضح کرے اور اسرائیل کی بربریت اور ظلم کے خلاف آواز اٹھائی جائے تمام مسلم ممالک اس سلسلے میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کو احساس دلائیں کہ فلسطین میں کمسن بچوں اور عورتوں پر ظلم اسرائیل کی بربادی کا منہ بولتا ثبوت ہے اسرائیل خوف میں زدہ ہوکر سنگین خلاف ورزی میں مبتلا ہورہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی فلسطین کمیٹی پاکستان کے صدر سید مصطفی اکبر جعفری نے اپنے دورہ خیرپور کے موقع پر شیعہ سنی تنظیموں کی قیادت کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سید مصطفی اکبر جعفری نے کہا کہ عالم اسلام کو جو مسائل درپیش ہیں ان کے حل کے لئے اگر تمام اسلامی ممالک نے یکجہتی اوراتحاد کا مظاہرہ نہ کیا تو اس سے بھی زیادہ نقصان اٹھانہ پڑے گا انہوں نے کہا کہ ہمارے آستین کے سانپ ہی اسلام کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں مصروف ہیں انہوں نے حماس اور حزب اللہ سمیت فلسطین میں برسر پیکار مجاہدین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ تمام مسلمان بڑے پیمانے پر احتجاج کا سلسلہ شروع کریں اور اسرائیل اور اس کے حواریوں کو عالمی دباؤ ڈالیں انہوں نے مزید کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب اسرائیل کو اپنا وجود مٹتا نظر آئے گا اس موقع پر سنی اتحاد کونسل،شیعہ وحدت،بوتراب اسٹوڈنٹس،قادری اسٹوڈنٹس، سنی موومنٹ پاکستان،،حزب اللہ کمیٹی اور 50 سے زائد شیعہ سنی تنظیموں کے مرکزی عہدیدار و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :