حما س نے اسرا ئیل کے سا تھ 10 سالہ جنگ بندی کے لئے 10 شرائط پیش کر دیں

جمعرات 17 جولائی 2014 16:40

حما س نے اسرا ئیل کے سا تھ 10 سالہ جنگ بندی کے لئے 10 شرائط پیش کر دیں

غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17جولائی 2014ء)فلسطینی شہر غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی ڈیڑھ ہفتے سے جاری وحشیانہ بمباری کے تناظر میں اسلامی تحریک مزاحمت 'حماس' اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے کوششیں بھی زور پکڑ گئی ہیں۔اسرائیل کے ایک کثیر الاشاعت عبرانی اخبار 'معاریف' نے انکشاف کیا ہے کہ حماس نے اسرائیل کے ساتھ دس سال تک جنگ بندی کے لیے دس شرائط پیش کی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وہ دس شرائط کچھ یوں ہیں:1۔ اسرائیل غزہ کی سرحدوں پر متعین فوج اور ٹینک وہاں سے نکال دے۔2۔ مغربی کنارے میں وسط جون کو پر اسرار طور پر لاپتا تین یہودی آباد کار لڑکوں کے قتل کے بعد حراست میں لیے گیے تمام فلسطینیوں کو رہا کیا جائے۔3۔ غزہ کی پٹی کا محاصرہ مکمل طور پر ختم کرتے ہوئے شہر کی تمام راہ داریوں کو سامان کی ترسیل اور انسانی آمدو رفت کے لیے کھول دیا جائے۔

(جاری ہے)

4۔ غزہ کی پٹی میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی بین الاقوامی ہوائی اڈا اور بندرگاہ قائم کی جائے۔5۔ فلسطینی ماہی گیروں کو سمندر میں 10 ناٹیکل میل تک ماہی گیری کی اجازت دی جائے۔6۔ مصر سے متصل رفح بارڈر پر عالمی امن فوج اور عرب دوست ممالک کی فوج تعینات کی جائے۔7۔ اسرائیل سے متصل سرحدوں پر عالمی امن فوجی تعینات کیے جائیں۔8۔ مسجد اقصیٰ میں تمام فلسطینیوں کو بلا استثنیٰ عبادت کی مکمل آزادی فراہم کی جائے۔9۔ فلسطین کی داخلی سیاست اور قومی مفاہمت میں اسرائیل مداخلت نہ کرے۔10- غزہ کی پٹی میں صنعتی سیکٹر کی بحالی اور شہر کی تعمیر و ترقی کی اجازت دی جائے۔