آزادی مارچ کے موقع پر مرکزی قیادت کی گرفتاریوں کے پیش نظر متبادل حکمت عملی طے کر لی ‘ جہانگیر ترین

منگل 22 جولائی 2014 17:07

آزادی مارچ کے موقع پر مرکزی قیادت کی گرفتاریوں کے پیش نظر متبادل حکمت ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے آزادی مارچ کے موقع پر مرکزی قیادت کی گرفتاریوں کے پیش نظر متبادل حکمت عملی طے کر لی ہے تاہم اسے قبل از وقت منظر عام پرنہیں لایا جا سکتا ،عمران خان 14اگست کو ڈی چوک میں 11مئی کو ہونے والی تاریخی دھاندلی کے تمام پہلوؤں سے پردہ اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں اور عوام کے اندر جو جذبہ پایا جارہا ہے دنیا کی کوئی طاقت سونامی کو نہیں روک سکے گی ۔ اگر ہماری ٹاپ لیڈر شپ کی گرفتاریاں کی گئیں تو متبادل حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے لیکن اسے قبل از وقت منظر عام پر نہیں لایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک مسلم لیگ (ن) کے مینڈیٹ کے حوالے سے شکوک و شبہات تھے لیکن جیسے جیسے راز کھل رہے ہیں یہ اتنے بڑھ گئے ہیں کہ سارا مینڈیٹ ہی جعلی ثابت ہو رہا ہے اور عمران خان قوم کو 14اگست کو پوری طرح دھاندلی کے تمام پہلوؤں سے آگاہی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دوبارہ گنتی کے مطالبے کا وقت گزر چکا اب مذاکرات ہوں گے اور نہ کوئی ڈیل ہو گی ۔