سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار گلو بٹ کی درخواست ضمانت مسترد

منگل 22 جولائی 2014 22:17

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار گلو بٹ کی درخواست ضمانت مسترد

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جولائی۔2014ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار گلو بٹ کی درخواست ضمانت مسترد کردی‘ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل جانے پر گلو بٹ نے درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ منگل کولاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے مرکزی کردار گلو بٹ کیخلاف مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو پولیس نے عدالت میں ریکارڈ پیش کیا۔

ریکارڈ پیشی کے بعد گلو بٹ کے وکیل نے ضمانت کیلئے درخواست دائر کی جس میں عدالت سے استدعاء کی گئی کہ اس کے موکل گلو بٹ کا گیارہ روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہوگیا ہے بلکہ مقررہ ریمانڈ سے تین روز اوپر ہوگئے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں گلو بٹ کا کردار گاڑیوں کے شیشے توڑنے سے زیادہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا گیا کہ گلو بٹ کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔

اس کے گھر والوں نے اسے دو سال قبل ہی گھر سے نکال دیا تھا۔ گلو بٹ کا جرم قابل ضمانت ہے لہٰذا عدالت اس کی درخواست ضمانت منظور کرے جس پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے ر یمارکس دئیے کہ گلو بٹ نے نہ صرف گاڑیوں کے شیشے توڑے بلکہ لوگوں کو ہراساں کیا اور توڑ پھوڑ میں بھی ملوث پایا گیا ہے لہٰذا ایسے شخص کی ضمانت منظور نہیں کی جاسکتی۔