حکومت کی نجکاری پالیسی غیر آئینی و غیر قانونی ہے ،چاروں صوبوں کے وزرا اعلیٰ سی سی آئی کی منظوری کے بغیر نجکاری کی اجازت نہ دیں،رضاربانی، پیپلز پارٹی پی آئی اے سمیت تمام قومی اداروں کی نجکاری کی سخت مخالفت کریگی، قومی اداروں کی نجکاری قومی مفاد کے خلاف ہے،احتجاجی مظاہرے سے خطاب

جمعرات 24 جولائی 2014 19:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل سینیٹر میاں رضا ربانی نے متنبہ کیا ہے کہ حکومت کی نجکاری پالیسی غیر آئینی اور غیر قانونی ہے اور چاروں صوبوں کے وزرا اعلیٰ کا یہ فرض ہے کہ وہ آئین کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کی منظوری کے بغیر کسی قومیائے گئے یونٹ کی نجکاری کی اجازت نہ دیں، حکومت اس سلسلے میں کئی سال قبل سی سی آئی کی منظوری کا سہارا لے رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب کے سامنے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف منعقد کئے گئے ،پیپلز یونٹی آف پی آئی اے کے ایک بڑے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ جبکہ پاکستان اسٹیل ملز کے معاملے پر حکومت خود یہ تبصرہ کر چکی ہے کہ پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا ہے، لہذا مناسب ہوگا کہ سی سی آئی دوبارہ اس معاملے کو زیر غور لائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پی آئی اے سمیت تمام قومی اداروں کی نجکاری کی سخت مخالفت کرے گی۔ قومی اداروں کی نجکاری قومی مفاد کے خلاف ہے، سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ حکومت حساس قومی اور منافع بخش اداروں کو فروخت کر کے قومی سلامتی کو داؤ پر لگارہی ہے۔ یہ قومی ادارے اسٹیٹ کی ملکیت ہیں حکومت ان اداروں کی تحفظ کی ضامن ہے اسے کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ قومی اداروں کی لوٹ سیل لگائے اور اونے پونے داموں مسلم لیگ ن کی مالی مدد کرنے والے سرمایہ کاروں کو فروخت کر دے، جیسے پچھلی نواز حکومت میں ایم سی بی بینک نواز شریف نے اپنے دوست میاں منشا کو دیدیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں لوڈشیڈنگ اور بدامنی کا خاتمہ کر کے ایسا ماحول پیدا کرے کہ یہاں سے انڈسٹری منتقل نہ ہو، نئی صنعتیں لگیں اوربیرونی سرمایہ کاری ملک میں آئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی محنت کش کو بیروزگار کرنے کے عمل کی حمایت نہیں کرسکتے بلکہ ہم بے روزگار کرنے والے حکمرانوں کو اقتدار سے اٹھا کر باہر کردیں گے۔ سینیٹر سعید غنی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی آئی اے کوبچانا ہے تو پی آئی اے کے محنت کشوں کو باہمی اتفاق و اتحاد سے سڑکوں پر نکلنا ہوگا اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ پیپلزپارٹی آپ کے شانہ بشانہ ہوگی، انہوں نے کہاکہ ملک میں نجکاری پالیسی ناکام ہوچکی ہے اب تک نجکاری کے ذریعے صرف اپنے من پسند سرمایہ داروں کو نوازا گیا ہے جس کی وجہ سے پرائیویٹائز کئے گئے صنعتی ادارے نہ صرف بند ہوگئے ہیں بلکہ حکومت اپنی آمدنی ٹیکسوں سے محروم اور ملازمین اپنی ملازمتوں سے محروم ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جس غیرشفاف انداز میں پی آئی اے کے نجکاری کے لئے مالیاتی مشیر کا تقرر کیا گیا اس سے حکمرانوں کے مذموم مقاصد بے نقاب ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی نجکاری پالیسی کی سخت مزاحمت کریگی۔مظاہرے سے پیپلزیونٹی آف پی آئی اے کے ضمیر چانڈیو نے بھی خطاب کیا۔مظاہرے میں وقار مہدی،سید نجمی عالم،راشد ربانی ، حبیب الدین جنیدی، لطیف مغل ، ذوالفقار قائم خانی ، منظور عباس، راشد انصاری سمیت پی آئی اے کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نجکاری کے خلاف نعرے بازی کی۔