شمالی وزیر ستا ن سے نقل مکانی کرنیوالے 7700 خاندانوں کیلئے عید گفٹ کے 13 ٹرک روانہ

جمعہ 25 جولائی 2014 18:38

لاہور ( پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے شمالی وزیر ستا ن سے نقل مکانی کرنے والے 7700 خاندانوں کے لئے عید گفٹ کے 13 ٹرک روانہ کر دئیے ۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لئے عید گفٹ کے 20 ہزار پیکٹ 2 دنوں میں تقسیم کر دئیے جائیں گے جبکہ عید کے موقع پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف خود متاثرین میں عیدپیکج تقسیم کریں گے۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن اور وزیرخوراک بلال یاسین نے بتایا کہ اب تک متاثرین کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے امدادی سامان کے 169 روانہ کئے جا چکے ہیں جن میں 4 ہزار ٹینٹ ،20 کلو گرام آٹے کے 10 ہزار تھیلے،20 کلو گرام چاول کے 6 ہزار تھیلے،60 ٹن کھجور،5 سو ٹن ونڈہ اور 200 سلائی مشین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے متاثرین کے 35 ہزار خاندانوں میں 7000 روپے فی خاندان تقسیم کئے جا چکے ہیں اور 15 ہزار مزید خاندانوں میں اگلے دو روز میں امدادی رقم تقسیم کر دی جائے گی جس کے لئے ژونگ کمپنی کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پنجاب کے عوام اور حکومت متاثرین کے ساتھ ہیں اور ان کی مکمل بحالی تک ان کی امداد جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات سے کہا کہ وہ وزیراعلی ریلیف فنڈ میں زیادہ سے زیادہ عطیات دیں۔ممبر صوبائی اسمبلی قاضی عدنان فرید ،ریلیف کمشنر پنجاب ندیم اشرف ،ڈی جی پی ڈی ایم اے و دیگر سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :