آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے میچ ، لاہور کے باسی اپنی سخاوت اور زندہ دلی کی نئی تاریخ رقم کریں گے، رانا مشہود

جمعہ 25 جولائی 2014 20:53

لاہور(پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) صوبائی وزیر کھیل، قانون اور تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ لاہور کے باسی اپنی سخاوت اور زندہ دلی کی وجہ سے دنیا میں مشہور ہیں، 26جولائی کو قذافی سٹیڈیم میں آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے ہونیوالے ٹی 20میچ میں وہ اپنی سخاوت اور زندہ دلی کا عملی مظاہرہ کریں گے، میچ میں لاہور کے باسی ایک نئی تاریخ رقم کرکے شمالی وزیرستان کے اپنے بھائیوں کی مثالی مدد کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار رانا مشہود احمدخان نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور، ارکان صوبائی اسمبلی تاحیا نون اور مہوش سلطانہ بھی موجود تھیں، رانا مشہود احمد نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی مدد ہم سب پاکستانیوں پر فرض ہے اسی جذبے کے تحت سپورٹس بورڈ پنجاب نے آئی ڈی پیز کیلئے خصوصی فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کیا، اس سلسلہ میں چار ٹی 20 میچوں کی سیریز کا اہتمام کیا گیا، پہلا ٹی 20میچ 19جولائی کو راولپنڈی میں کھیلا گیا وہاں سے اڑھائی کروڑ روپے کی آمدن ہوئی، ملتان میں 21جولائی کو میچ کھیلا گیا جہاں سے2 کروڑ،24جولائی کو فیصل آباد میں میچ کھیلا گیا جہاں سے اڑھائی کروڑ کی آمدن ہوئی ہے، 26جولائی کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم اور اے ٹیم کے درمیان میچ کھیلا جائے گا ہمیں امید ہے کہ یہاں سے 8کروڑ کی آمدن ہوگی۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر ٹی 20میچوں سے 15کروڑ روپے کی آمدن ہوگی جو آئی ڈی پیز کو دی جائے گی۔امید ہے لاہور کے باسی اس میں بھرپور شرکت کرکے اپنی سخاوت اور زندہ دلی کا ثبوت دیتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے،انہوں نے کہا کہ ان ٹی 20میچوں سے عوام کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی، ملتان میں 8سال بعد قلعہ قاسم باغ سٹیڈیم میں بڑا میچ ہوا جس سے ملتان بلکہ جنوبی پنجاب کے عوام نے بھرپور لطف اٹھایا۔

رانا مشہود احمدخان نے کہا کہ ہم عمران خان کو بھی میچ میں آنے کی دعوت دیتے ہیں وہ بھی اس نیک کام میں شرکت کریں ہمارے لئے مسائل کھڑے نہ کریں، پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر نے اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر میں ورلڈ کبڈی چیمپئن لیگ منعقد ہورہی ہے جو چار ماہ جاری رہے گی، چیمپئن لیگ میں دس ممالک کے 250کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، اس میں 95 میچ کھیلے جائیں گے یہ مقابلے پاکستان، بھارت، کینیڈا اور انگلینڈ میں ہوں گے۔

پاکستان میں یہ مقابلے لاہور اور فیصل آباد میں ہوں گے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پچھلے دنوں پاکستان کے حصے میں مزید عالمی اعزاز میں آئے ہیں، اٹلی کے شہر میلان میں انٹرنیشنل گینز ورلڈ ریکارڈ شو میں پاکستان کے دو نوجوانوں نے دو نئے گینز ریکارڈ بنائے ہیں، راشد نسیم نے ایک منٹ میں سر سے 61بوتلوں کے ڈھکن کھول کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا، اسی طرح پاکستان محمد سعدی نے اپنی مونچھوں سے 1740کلوگرام وزنی گاڑی کھینچ کر نیا گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا، یہ دونوں نوجوان پنجاب یوتھ فیسٹیول میں گینز ورلڈ ریکارڈ بنا چکے ہیں، ان نوجوانوں کو سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کیا۔

متعلقہ عنوان :