پولیس عوام کی خادم کی بجائے حکمران جماعت کا عسکری ونگ بن چکی ہے ‘میاں محمود الرشید

جمعہ 25 جولائی 2014 20:59

لاہور(پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمود الرشید نے تحریک انصاف گجرات کے رہنماوں اور کارکنوں کے ہمراہ ظلم کا شکار معصوم بچے کی ہسپتال میں عیادت کی اور واقعہ کو بد ترین درندگی قرار دیا اور مقامی پولیس کی طرف سے چار روز تک ایف آئی آر درج نہ کیے جانے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پولیس عوام کی خادم کی بجائے حکمران جماعت کا عسکری ونگ بن چکی ہے مظلوموں کے ساتھ پولیس کے بے رحمانہ برتاؤنے گڈگورننس کے چہرے سے نقاب اتار دیا ہے پنجاب کے موجودہ حکمرانوں نے پولیس کو گسٹاپو فورس میں تبدیل کردیا ہے جس کا کام صرف مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانا اورٹھکانے لگانا رہ گیا ہے انہوں نے معصوم بچے کی عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عدالت بچے پر ظلم کے پہاڑ توڑ نیوالے درندے صفت مجرموں کو عبرت ناک سزادیں ‘وزیراعلی پنجاب سیاسی وابستگیاں رکھنے والے اور ذاتی خدمت گار افسران کو ڈی پی او لگاتے ہیں اور پھر اراکین اسمبلی کی سفارش پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز کی تقرریاں عمل میں آتی ہیں یہی وجہ ہے سفارشی ایس ایچ اوز مظلوموں کے ساتھ انصاف کرنے کی بجائے ظالموں کے محافظوں کا کردار ادا کرتے ہیں ماڈل ٹاون کا سانحہ ، فیصل آباد تھانے پر حملہ ، ہائی کورٹ کے احاطہ میں پولیس کی موجودگی میں خاتون کا قتل لاقانونیت کے تازہ ترین واقعات ہیں ہر واقعہ میں حکومت نے بڑی مچھلیوں کو تحفظ دیا وزیر اعلی پنجاب اس وقت حرکت میں آتے ہیں جب سنگین واقعات میڈیا کی زینت بنتے ہیں اور پھر چھوٹے گریڈ کے افسروں کو معطل کرکے سیاسی ڈرامہ بازی کرتے ہیں اور پھر نام نہاد کمیٹیاں قائم کرکے بڑی مچھلیوں کو بچاتے ہیں انہوں نے کہاکہ کوئی دن نہیں جاتا کہ عوام خادم پنجاب کی پولیس کے ظلم کی کوئی داستان نہ سنتے ہوں ن لیگ کی ذاتی خدمت گار پولیس پنجاب کے لاء اینڈ آرڈر اور عوام کے جان ومال کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے ڈی پی او گجرات کی تقرری بھی سیاسی خدمات کا نتیجہ ہے انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاست سے پاک کرنے کے لیے 30سال سے اقتدار کے مزے لوٹنے والی سیاسی جماعتوں سے نجات ضروری ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :