مسلح افواج حالت جنگ میں ہے اور اس نازک موقع پر وزیراعظم ملک سے باہر ہیں،الطاف حسین

جمعہ 25 جولائی 2014 22:05

مسلح افواج حالت جنگ میں ہے اور اس نازک موقع پر وزیراعظم ملک سے باہر ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں آپریشن ہورہا ہے اور مسلح افواج حالت جنگ میں ہے جبکہ ایسے اہم اور نازک موقع پر وزیراعظم ملک سے باہر ہیں۔کراچی میں امدادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے،فوج حالت جنگ میں ہے اور ہمت وبہادری سے دہشت گردوں کا صفایا کررہی ہے جبکہ آپریشن کے ایسے اہم موقع پر وزیراعظم ملک سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک بچانا ہے تو انتہا پسندی کے اڈے بند کرنا ہوں گے جبکہ ملکی سلامتی و انسانوں کے جان ومال کے تحفظ اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانا انتہائی ضروری ہے۔الطاف حسین نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اگر مسلم ممالک اور او آئی سی کا یہی حال رہا تو ہر جگہ غزہ جیسے حالات ہوں گے اور مسلمانوں کا قتل عام ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور اس ٹارگٹ کلنگ روکنے کے لیے بھی کوئی اقدمات نہیں کیے گئے،حکومت شہر میں امن وامان کی صورت حال بہتربنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

گجرات میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق الطاف حسین نے کہا کہ اگر ہماری حکومت ہوتی تو بچے کو معذور کرنے والے جاگیردار کے ہی بازو کاٹ دیتے۔