سانحہ ماڈل ٹائون، نامزد ملزمان ایس پی سیکیورٹی، گن مین کی ضمانت میں توسیع

ہفتہ 26 جولائی 2014 12:05

سانحہ ماڈل ٹائون، نامزد ملزمان ایس پی سیکیورٹی، گن مین کی ضمانت میں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جولائی 2014ء)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون میں نامزد ملزم سابق ایس پی سکیورٹی اور گن مین کی عبوری ضمانت میں 9 اگست تک توسیع کر دی، منہاج القرآن انتظامیہ کی درخواست پر مقدمہ درج کروانے سے متعلق کیس واپس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کو بجھوا دیا گیا۔ لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے سماعت شروع کی تو سابق ایس پی سکیورٹی سلیمان علی اور گن عابد کی جانب سے بتایا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاون سے ان کا کوئی تعلق نہیں ، مقدمہ میں لگائے گئے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں لہٰذا ان کی عبوری ضمانت یقینی بنائی جائے۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ابھی اس مقدمہ کی تفتیش مکمل نہیں ہوئی ، ہر پہلو سے اس کی تفتیش کر رہے ہیں لہٰذا مہلت دی جائے۔

(جاری ہے)

فاضل جج نے نامزد ملزم سابق ایس پی سکیورٹی اور گن مین کی عبوری ضمانت میں 9اگست تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرنے کا حکمم دیدیا۔دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج نے منہاج القرآن انتظامیہ کی درخواست پر مقدمہ درج کروانے سے متعلق کیس واپس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کو بجھوا دیا ۔

ایڈیشنل سیشن جج لاہور صفدر بھٹی نے کیس کی سماعت شروع کی تو ادراہ منہاج القرآن کے ڈائریکٹر جواد حامد کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سانحہ میں جاں بحق افراد کے ورثاء کی درخواست کے بجائے پولیس نے اپنی مدعیت میں ہی مقدمہ درج کر لیا ہے حالانکہ کہ قانون کے تحت ورثاء کی درخواست پر مقدمہ درج ہونا چاہئے ۔ دوران سماعت جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے بھی رپورٹ جمع کروا دی گئی۔ ایڈیشنل سیشن ج صفدر بھٹی نے بتایا کہ میں چھٹیوں پر جا رہا ہوں، آپ کیس جج کے پاس واپس لگوالیں ۔ فاضل جج نے کیس کی فائل واپس سیشن جج کو بھجوا دی۔