عالم عرب کو افغانستان کے غیور مسلمانوں سے سبق سیکھنا چاہیے ،مولانا سمیع الحق

پیر 28 جولائی 2014 17:06

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2014ء) جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا سمیع الحق نے فلسطین پر اسرائیل کی مسلسل سفاکانہ جارحیت پر عالم اسلام باالخصوص عالم عرب کی بے حسی اور خاموشی پر شدید غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم عرب کو افغانستان کے غیور مسلمانوں سے سبق سیکھنا چاہیے مولانا سمیع الحق یہاں دارالعلوم حقانیہ کے وسیع و عریض جامع مسجد میں خطبہٴ عیدا لفطر دینے سے قبل خطاب کر رہے تھے شدید بارش کی وجہ سے نماز دارالعلوم سے متصل قدیمی عید گاہ کی بجائے پہلی بار دارالعلوم حقانیہ میں ادا کی گئی جس میں اکوڑہ خٹک اور گردو نواح کے ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی مولانا سمیع الحق نے کہا کہ جو قومیں قربانی اور جہاد پر یقین رکھتی ہیں اللہ تعالیٰ ان کی مدد فرماتا ہے جس کی مثال افغانستان کے نہتے مسلمانوں کی بے پناہ قربانیوں کی وجہ سے سوویت یونین کی شکست و ریخت اور بعد میں میں دنیا کی واحد سپر پاور امریکہ کی پس پائی کی شکل میں ہمارے سامنے ہے انہوں نے اپنے عظیم والد شیخ الحدیث مولانا عبدالحق کا ایک قول نقل کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ارشاد تھا کہ اگر عالم عرب یکجا ہوکر اکھٹے اسرائیل پر تھوک بھی لیں تو اسرائیل اس میں ڈوب جائے گا مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ہمارے حکمران اپنے مغربی آقاؤں کے ڈر سے کھلے الفاظ میں اسرائیل کی مذمت بھی نہیں کر سکتے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ عالم اسلام غیروں کی غلامی کی وجہ سے اپنے گھروں کو جلا رہا ہے ایک سروے کے مطابق روزانہ ایک ہزار مسلمان اپنے اور غیروں کے ہاتھوں قتل ہو رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ انہیں آپس میں لڑا کر ایک دوسرے سے سزا چھکوا رہا ہے مولانا سمیع الحق نے اس موقع پر مسلمانوں سے اپیل کی وہ اپنے ملک میں در بدر ہونے والے آئی ڈی پیز کا اس سخت وقت میں ہر طرح کی مدد کریں جبکہ جنوبی اضلاع کے اہل علم علماء طلباء دینی مدارس اور جمعیت علماء اسلام کی تنظیموں اور کارکنوں کو ان کی خبر گیری اور دستگیری کیلئے میدان میں اترنا چاہئے۔