کراچی میں سمندر لاشیں اُگلنے لگا، مزید 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں‌کی تعداد 18 ہو گئی

جمعرات 31 جولائی 2014 12:54

کراچی میں سمندر لاشیں اُگلنے لگا، مزید 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی۔2014ء) ساحل سمندر پر تفریح کے لئے آنے والے افراد میں سے مزید 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 18 ہوگئی۔نجی ٹی وی کے مطابق عید کے موقع پر ساحل سمندر پر سیر و تفریح کے لئے آنے والے افراد نہانے کی غرض سے سمندر میں دور تک گئے اور پانی کی تیز رفتار موجوں کی نظر ہوگئے، دفعہ 144 کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد عید کے دوسرے روز سمندر پر پہنچ گئی جبکہ سماجی خدمت کی تنظیم ایدھی کو اطلاع ملی کہ سمندر میں متعدد افراد نہاتے ہوئے ڈوب گئے جس کے بعد فوری طور پر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کردیا تاہم بدھ کی رات تک 12 افراد کی لاشیں سمندر سے نکالی جاچکی تھیں، اندھیرا ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن ملتوی کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

آج صبح پاک نیوی کے ہیلی کاپٹر اور ریسکیو کے دیگر عملے نے مل کر مزید 6 افراد کی لاشیں نکال لیں جو ساحل کے قریب اور سطح سمندر پر آنے سے باآسانی نکال لی گئیں۔ ڈوبنے والے زیادہ تر افراد کی عمریں 15 سے 25 سال کے درمیان تھیں جن میں سے 5 لاشوں کو کوئٹہ روانہ کردیا گیا جن کا تعلق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔واضح رہے کہ عید کےدوران ساحل پر عوام کی بڑی تعداد پکنک منانے آتی ہے اوراس دوران بعض منچلے افراد سمندر میں نہاتے وقت احتیاطی تدابیر کا لحاظ نہیں رکھتے جس کے باعث اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں جب کہ اس موسم میں سمندر میں تیز لہریں بھی پیدا ہوتی ہیں، دوسری جانب سندھ حکومت نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے ساحل سمندر پر دفعہ 144 نافذ کی تھی جس کی خلاف ورزی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :