Live Updates

عمران خان لانگ مارچ کی آڑ میں اصل ایجنڈے کی وضاحت کریں،وزیراعظم کامطالبہ، اب کسی انقلاب کی گنجائش نہیں، صرف جمہوریت کے ذریعے ہی انقلاب آسکتا ہے سیاسی نعروں یا دھرنے سے نہیں، 14اگست بھی گزر جائیگا،ہماری حکومت نے عوامی مسائل حل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے،جدہ میں صحا فیو ں سے گفتگو

جمعرات 31 جولائی 2014 14:11

عمران خان لانگ مارچ کی آڑ میں اصل ایجنڈے کی وضاحت کریں،وزیراعظم کامطالبہ، ..

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی۔2014ء) وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ کی آڑ کے نعروں میں اپنے اصل ایجنڈے کی وضاحت کریں اور سمندر پار پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شمالی وزیرستان سے بے گھر ہونے و الے آئی ڈی پیز کی دل کھول کر مدد کریں۔جدہ سے گزشتہ روز وطن روانگی کے موقع پر صحا فیو ں سے گفتگو کر تے ہو ئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو درپیش تمام مسائل کا حل صرف جمہوریت ہے اور عوام نے بھی عام انتخابات میں جمہوریت کے حق میں ہی ووٹ دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوامی مسائل حل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے جبکہ حکومت اقتصادی اصلاحات متعارف کرانے کے لیے بھی بھرپور طریقے سے کام کررہی ہے تاکہ ملک کو بحران سے نکالا جاسکے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تحفظات کے باوجود انتخابات کو قبول کرنے کا اعلان کیا تھا مگر اب ایک سال بعد وہ لانگ مارچ کی باتیں کررہے ہیں تاہم انہیں لانگ مارچ کے نعروں کی آڑ میں اپنے اصل ایجنڈے کی وضاحت کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی آئی ڈی پیز کی مشکلات میں کمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ بلوچستان سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبے میں صورتحال کافی بہترہورہی ہے اور وہاں کے مسائل میں خاصی کمی بھی واقع ہوئی ہے۔۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان جہاں کئی بحرانوں سے گزر رہا ہے اس میں نعروں یا دھرنے کی سیا ست کی کوئی گنجائش نہیں، ۱۴ ،اگست کو قومی دن کی تقریبات رات کے وقت منعقد ہونگی تاہم قومی پرچم علی الصبح ہی لہرایا جائیگا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 65سالوں میں فوجی سمیت کئی انقلابات دیکھ لئے ، اب کسی انقلاب کی گنجائش نہیں اور صرف جمہوریت کے ذریعے ہی انقلاب آسکتا ہے سیاسی نعروں یا دھرنے سے نہیں۔

میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کڑوروں عوام کے بھاری مینڈت سے اقتدار میں آئی ہے اسے چند ہزار لوگ یرغمال نہیں بنا سکتے، ہم نے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے ہیں ، ۱۴۔اگست بھی گزر جائیگا،ہم نے الیکٹرول ریفارم کیلے کمیٹی تشکیل دی ہے اس پر ہمیں سنجیدگی سے کام کرناچاہئیے۔انہوں نے کہا کہ تمام سنجیدہ پارٹیاں ذمے داری کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہیں انہوں نے ماضی سے سبق سیکھا ہے۔

وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی و معاشی حالت پہلے سے بہت بہتر ہوئی ہمارا مالیاتی خسارہ کم ہو کر ۴ فیصد ہو گیا جبکہ ٹیکسوں کی وصولیوں میں ۳ فیصد اضافہ اور زرِ مبادلہ کے ذخائر ۱۴ ،ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی پالیسی ہے کہ ملک میں بائی کنٹرول ٹریڈ ہو اور اقتصادی ترقی و خوشحالی کیلئے صاف و شفاف انداز میں کام کیا جائے ۔

وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی موجود تھے جنہوں نے ملک کی معاشی صورتحال بہتر درجہ پر بتایا ۔ انہوں نے ممتازصحافی مجید نظامی کے ایصال ثواب کیلئے دعائیں بھی کیں اور انکی صحافتی خدمات کو سراہا۔میاں نواز شریف نے کہا کہ ہم وزیر ستان میں ضرب عضب کی حمایت کرتے ہیں جس انداز سے یہ آپریشن دہشت گردی کے خاتمے کیلے جاری ہے ہمیں اس میں ضرور کامیابی ملے گی ، انہوں نے کہا کہ پاک افغان تعلقات ہر ممکن کوشش کی جائیگی کہ مستحکم ہو کیونکہ ایک مستحکم افغانستان پاکستان و افغان سرحد کے تحفظ اور خطے میں امن کیلئے انتہائی اہم ہیں ۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات کو حکومت اہمیت اسلئے دے رہی ہے کہ خطے میں امن ہو اور دوطرفہ اقتصادی و معاشی صورت حال بھی بہتر ہو اور مسئلہ کشمیر کے حل پر بہتر انداز میں بات چیت ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ مسئلہ کشمیر حل ہو اور اسکے لئے کشمیریوں کو بھی فریق بنایا جائے ساتھ ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے پیش نظر اسے حل کیا جائے ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں معشیت کی بہتری اور پارو سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے انفرادی طور پر سعودی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو متحرک کیا جائے تاکہ اس کا فائدہ دونوں طرف ہو اور پاکستان کو بجلی کے بحران سے نکا لا جا سکے۔ انہوں نے مملکت آمد اور خادم الحرمین شریفین شاہ عبد اللہ بن عبد العزیز،ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبد العزیز اور نائب وزیر اعظم شہزادہ مقرن بن عبد العزیز سے ملاقات کو اہم اور دوطرفہ مستحکم تعلقات کی دلیل قرار دیا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات