وزیراعلیٰ شہبازشریف نے عیدالفطر کی نماز ماڈل ٹاؤن میں ادا کی،ملک کی ترقی و خوشحالی اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعا،شہبازشریف کا چلڈرن ہسپتال کا دورہ ،زیر علاج بچوں میں عید تحائف او رعیدی تقسیم کی ،بچوں کی صحت یابی کیلئے دعا،وزیراعلی کو دیکھ کر ہسپتال کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ،” وزیراعلی شہباز شریف زندہ باد“ کے نعرے لگائے

جمعرات 31 جولائی 2014 18:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی۔2014ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف اورمسلم لیگ (ن) کے رہنما ایم این اے حمزہ شہباز نے عیدالفطر کی نماز ماڈل ٹاؤن میں ادا کی۔وزیراعلی نمازعید ادا کرنے کے بعد بعد لوگوں سے عید ملے۔اس موقع پر ملک کی ترقی ،خوشحالی اور امن و سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک افواج کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے عید کے روز چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا- انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج بچوں میں عیدتحائف اور عیدی تقسیم کی- وزیراعلی نے زیرعلاج بچوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی- وزیراعلی کو دیکھ کر ہسپتال کے باہر زیرعلاج بچوں کی عیادت کے لئے آئے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور انہوں نے” وزیراعلی شہباز شریف زندہ باد“ کے نعرے لگائے- عیادت کے لئے آئے لوگوں نے وزیراعلی محمد شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کے لیے دن رات جو خدمات انجام دہے رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے - اس موقع پر وزیراعلی نے کہا کہ حکومت صوبہ بھر میں عوام کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کررہی ہے ، ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیاجارہا ہے اور چائلڈ اور مدر کیئر کے حوالے سے صحت عامہ کا ایک بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ حکومت عوام کے مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔