وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی گورنر پنجاب سے ملاقات، آئی ڈی پیز کے لئے امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال

جمعرات 31 جولائی 2014 18:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عید کے روز گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی - ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، آئی ڈی پیز کے لئے امدادی سرگرمیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا -دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد بھی دی-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت شمالی وزیرستان کے 40ہزار سے زائد بے گھر ہونے والے خاندانوں میں مالی امداد تقسیم کرچکی ہے - بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی-میری اپیل پر صنعتکار، تاجر، مخیرحضرات اور منتخب نمائندے” چیف منسٹرز ریلیف فنڈ“ میں دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں-انہوں نے کہاکہ عید کی خوشیاں شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کو شامل کئے بغیر ادھوری ہیں-پاک افواج ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لئے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن کررہی ہے-دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسر اورجوان ہمارے ہیرو ہیں-انہوں نے کہاکہ آج ملک و قوم کا مستقبل پر امن بنانے کے لئے اپنا آج قربان کرنے والوں پر پوری قوم کو فخر ہے-گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی دل کھول کر مدد کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :