آئی ڈی پیز کو دوبارہ 7ہزار فی خاندان مالی امداد دیں گے ، شہباز شریف،وزیراعلیٰ کا شمالی وزیرستان میں 2ہزار گھر ،جدید ہسپتال ، یونیورسٹی اور دانش سکول قائم کرنے کا اعلان

جمعرات 31 جولائی 2014 18:24

آئی ڈی پیز کو دوبارہ 7ہزار فی خاندان مالی امداد دیں گے ، شہباز شریف،وزیراعلیٰ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31جولائی۔2014ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قائم رہنے کے لئے بنا ہے ، دہشت گردی پاکستان کا مقدر نہیں ، دہشت گرد پاکستان کے کھلے دشمن ہیں اور افواج پاکستان کاایک ہی مکا پڑے گا تو دہشت گرد دور دور تک نظر نہیں آئیں گے، وہ عید کے دوسرے روز بنوں میں بکا خیل کے مقام پر شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد سے خطاب کررہے تھے- وزیراعلی نے اپنے پرجوش خطاب میں دہشت گردی کے خلاف پاک افواج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے کہا کہ یہ جنگ 1965 کی جنگ سے بھی اہم ہے کیونکہ 1965 کی جنگ ایک مخصوص مقصد کے حصول کے لئے لڑی گئی تھی جبکہ موجودہ جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے - پاکستان کے 18کروڑ عوام اس جنگ میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں- محمد شہباز شریف نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام نے پاکستان کی سا لمیت کے لئے اپنے گھر بار چھوڑ کر جو قربانی دی ہے وہ پاکستانی قوم پر احسان ہے- انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران پوری پاکستانی قوم اپنے ان مصیبت زدہ بھائیوں اور فوجی بھائیوں کی کامیابی کے لئے بدست دعا رہی ہے - مجھے یقین ہے کہ اہل پاکستان کی یہ دعائیں قبول ہوں گی، پاکستان ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنے گا اور ہمارے بہن بھائی بہت جلد واپس شمالی وزیرستان جا کر اپنے گھروں میں امن اور سکون سے زندگی بسر کرسکیں -خدا کی قسم آپ جب تک اپنے گھروں کو واپس نہیں چلے جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر شمالی وزیرستان میں حکومت پنجاب اور صوبے کے عوام کی طرف سے 2ہزار گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا - انہوں نے اس موقع پرشمالی وزیرستان میں ایک ارب روپے کی لاگت سے ایک جدید ترین ہسپتال قائم کرنے کا بھی اعلان کیا - انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ حکومت پنجاب شمالی وزیرستان میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے ایک شاندار یونیورسٹی اور ایک دانش سکول بھی قائم کرے گی- انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے بے گھر افراد کے مویشیوں کے لئے چارہ مہیا کرنے کے علاوہ موبائل ہسپتال بھی بھیجا جارہا ہے - وزیراعلی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے اب تک 40ہزار خاندانوں کو فی خاندان 7ہزار روپے کی شرح سے 28کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے-اگلے کچھ روز میں بے گھر افرادکے 54ہزار خاندانوں میں اسی شرح سے رقوم کی تقسیم مکمل ہوجائے گی- انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ اگست میں ان تمام 54ہزار خاندانوں میں ایک بار پھر فی خاندان 7ہزار روپے کی شرح سے کروڑوں روپے تقسیم کئے جائیں گے،وزیراعلی نے کہا کہ قبائلی عوام نے صرف قیام پاکستان کے لیے ہی نہیں بلکہ اس کے استحکام کے لئے بھی تاریخی کردار ادا کیا ہے - خود بابائے قوم نے ان کے اس کردار کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا تھا- شہباز شریف نے کہا کہ مقام افسوس ہے کہ جو پاکستان آج ہمارے سامنے ہے یہ وہ نہیں جس کا خواب قائد اعظم نے دیکھا تھا- یہ پاکستان اس وقت قائد کا پاکستان بنے گا جب یہاں پہ اخوت ہوگی، بھائی چارے کا دور دورہ ہوگا، انصاف پر صرف امیروں کا حق نہیں ہوگا، 18کروڑ عوام کے دکھ اور خوشیاں سانجھی ہوں گی ، ظالم کا سرنیچا اور مظلوم کا سربلند ہوگا- انہوں نے کہا کہ 14اگست کی آمد آمد ہے ، اس موقع پر وزیراعظم سے لے کر ایک عام سرکاری اہلکار تک ، ہر سیاستدان ، ہرجرنیل ، ہر جج ،الغرض ہر بااختیار فرد کو خود سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ ہم گزشتہ 67 برسوں میں پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان کیوں نہیں بنا سکے- وزیراعلی نے کہا کہ امن کے بغیر خوشحالی ممکن نہیں- ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی آگ بھی لگی رہے اور ترقی کا سفر بھی جاری رہے-انہوں نے کہا کہ بجلی کا بحران کئی دہائیوں پر محیط ہے - جب تک امن قائم نہیں ہوگا پاکستان مضبوط ہوگا، نہ معیشت سنبھلے گی اور نہ ہی لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور ہوں گے- ہمیں آج جو یہ موقع ملا ہے، ہم نے اس سے فائدہ اٹھانا ہے ، پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ کرکے امن قائم کرنا ہے اور ہمیں جان لینا چاہیے کہ پاکستان ایک ایسے موڑ پر آچکا ہے کہ ابھی نہیں یا کبھی نہیں- جو عناصر کراچی سے لے کر طور خم تک کلاشنکوف اور بندوق کے زور پر پاکستانی قوم پر اپنا ایجنڈا مسلط کرناچاہتے ہیں اب ان کے احتساب کا وقت آگیا ہے -معصوم پاکستانیوں کے لہو سے اپنی پیاس بجھانے والے اب پاک فوج کے نشانے پر ہیں- محمد شہباز شریف نے اس موقع پر شمالی وزیرستان کے بے گھر عوام کے لئے پنجاب حکومت اور پنجاب کے عوام کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے جسے ہم پوری تندہی سے ادا کرنے کی کوشش کررہے ہیں-وزیراعلی نے بے گھر ہونے والے افراد میں عید گفٹ پیک تقسیم کئے -بعد ازاں انہوں نے ان افراد کے ساتھ مل کر کھانا کھایا اور بچوں کو عیدی دی-انہوں نے اس موقع پر کہا کہ عید کا تہوار آپ کے ساتھ گزارنا چاہتا تھا لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے نہ آسکا۔