آئی فون کے باعث چین میں لڑکی ہلاک

جمعہ 1 اگست 2014 19:48

آئی فون کے باعث چین میں لڑکی ہلاک

ژنجیانگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اگست۔2014ء) چین میں ایک نوجوان لڑکی سوتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئی جس کے بستر کے سراہنے ایک آئی فون چارجنگ پر لگا ہوا تھا۔ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اٹھارہ سالہ چینی لڑکی کے ساتھ یہ واقعہ 24 جولائی کو ژنجیانگ شہر میں پیش آیا۔ ان کے پاس آئی فون فور تھا۔ہلاک ہونے والی لڑکی کی بہن کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی بہن کے کمرے سے جلنے کے بدبو آئی جس کے بعد وہ ان کے کمرے میں داخل ہوئیں اور انہیں مردہ پایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان کی بہن کے پورے جسم پر جلنے کے نشانات موجود تھے اور ان کے ساتھ ایک ٹوٹا ہوا آئی فون بھی رکھا ہوا تھا۔یہ بات واضح نہیں ہے کہ یہ لڑکی مستند آئی فون چارجر استعمال کررہی تھی یا پھر جعلی چارجر ان کے زیر استعمال تھا جس کے باعث ماضی میں بھی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔فورنسک ایسوسی ایشن آف چائنہ نے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا کہ لڑکی کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوئی۔گزشتہ سال جولائی میں 23 سالہ ایئر ہوسٹس ما ایلن اپنے آئی فون 5 کے ذریعے ایک کال کا جواب دیتے ہوئے الیکٹرک شاک لگنے سے چل بسی تھیں۔ تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کے 23 سالہ لڑکی جعلی چارجر استعمال کررہی تھیں۔خیال رہے کہ 2011 میں چینی شہر کنمنگ سے 22 جعلی ایپل اسٹورز کا انکشاف ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :