سمندر میں خطر نا ک طغیانی ہے ،شہری سمندر میں نہانے سے گریز کریں ،کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی

جمعہ 1 اگست 2014 23:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اگست۔2014ء) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ سمندر میں محکمہ داخلہ کے حکم پر دفعہ 144کے تحت نہا نے پر پابندی عائد ہے۔جس کا مقصدشہریوں کو سمندر میں نہانے سے روکنا ہے تا کہ وہ سمند ر کے پانی سے دور رہیں اور سمندر کی طغیانی کے دوران اپنی زندگی کو خطرہ میں نہ ڈالیں۔کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سمندر میں نہانے سے گریز کریں ۔

انھوں نے کہا کہ سمندر میں نہانے پر دفعہ144کے تحت پابندی عائد ہے۔ انھوں نے کہا کہ افسوسناک سا نحہ کے باوجود شہری سمندر میں نہانے کے خواہاں ہیں انھوں نے کہا کہ جو شہری خلاف ورزی کریں گے دفعہ 144 کے تحت انھیں گرفتا ر کر لیا جائے گا۔جبکہ پولیس نے کارروائی کر کے دفعہ144کی خلاف ورزی پر آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا کمشنر کراچی کے دفتر میں قائم ریسکیو 1299نے سمندر میں نہانے کے خواہاں لوگوں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ سمندر میں نہانے سے گریز کریں اس سلسلہ میں ریسکیو 1299 کی جانب سے شہریوں کی رہنمائی کے لئے ایڈوائس نو ٹ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جون ، جولائی اور اگست کے ماہ میں سمندر میں طغیانی خطرنا ک حد تک زیادہ ہو تی ہے اس دوران مچھیروں کو بھی پابند کیا جا تا ہے کہ وہ فشنگ نہ کریں۔

شہریوں کو بھی پانی سے دور رکھنے کے لئے دفعہ 144 کے تحت سمندر میں نہانے پر پابندی عائد ہے۔ کیوں کہ سمندر کی طغیانی کے اثرات ساحل پر بھی آتے ہیں لہر اچانک آتی ہے اور ساحل کے پانی کے قریب زمینی حصہ پر کھڑے ، بیٹھے یا ساحل پر نہاتے ہوئے لوگوں کو پانی میں بہا کر لے جاتی ہے۔لہر کی شدت اتنی زیادہ ہو تی ہے کہ آدمی سنبھل نہیں پا تا اور آہستہ آہستہ پانی کے ساتھ گہرے پانی میں چلا جا تا ہے۔ ڈر ، خوف اورمنہ میں پانی جانے کی وجہ سے وہ اپنا بچاؤ نہیں کر پا تا لہذا شہریوں کو چاہئے کہ وہ اس میں پانی سے دور رہیں ساحل سمندر میں نہ نہائیں اور نہ ہی پانی کے قریب بیٹھیں یا کھڑے ہوں۔ اسی میں ان کی حفاظت ہے۔

متعلقہ عنوان :