برف پگھلنے لگی،روس اورامریکا کابات چیت جاری رکھنے پر اتفاق

ہفتہ 2 اگست 2014 14:03

برف پگھلنے لگی،روس اورامریکا کابات چیت جاری رکھنے پر اتفاق

ماسکو/ واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اگست۔2014ء) امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن پر ایک مرتبہ پھر زور دیا ہے کہ وہ مشرقی یوکرائن میں سرگرم روس نواز علیحدگی پسندوں کی حمایت ترک کریں اور تنازعے کا سفارتی حل تلاش کریں، اوباما نے روسی صدرولادی میرپیوٹین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، مشرقی یوکرائن میں سترہ جولائی کو ملائیشین ایئر لائینز کا مسافر طیارہ گرائے جانے کے بعد دونوں رہنماں کے مابین ہونے والی یہ پہلی براہ راست گفتگو تھی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق اوباما اور پوٹن نے اس پر اتفاق کیا کہ واشنگٹن اور ماسکو کے مابین بات چیت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق بات چیت میں اوباما نے زمین سے مار کرنے والے کروز میزائلوں کے خاتمے کے لیے 1988 میں طے شدہ انٹرمیڈیٹ نیوکلیئر ٹریٹی کی روس کی جانب سے مبینہ خلاف ورزی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ادھر کریملن سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس ٹیلی فونک گفتگو میں روسی صدر نے اپنے امریکی ہم منصب سے کہا کہ ماسکو کے خلاف تازہ پابندیوں کا اطلاق نہ صرف نقصان دہ ہے بلکہ اس سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور بین الاقوامی استحکام کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

کریملن کے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان واضح اختلافات اب بھی برقرار ہیں تاہم دونوں ہی نے مشرقی یوکرائن میں فوری اور دیر پا جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :