نو ماہ کی حاملہ خاتون تیر کر ہسپتال پہنچ گئیں

بدھ 6 اگست 2014 12:10

نو ماہ کی حاملہ خاتون تیر کر ہسپتال پہنچ گئیں

بنگلور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اگست۔2014ء)بھارتی ریاست کرناٹک میں نو ماہ سے حاملہ ایک خاتون نے ہسپتال میں طبی معائنے کرانے کیلئے دریا میں تقریباً ایک کلومیٹر کا سفر تیر کا طے کیا۔دریا میں طغیانی کے باوجود ریاست کے ضلع یادگیر کے ایک گاوٴں کی رہائشی یے یووا نے اپنے گھر سے چار کلومیٹر دور ہسپتال پہنچنے کیلئے یہ فاصلہ طے کیا۔دریا میں اس وقت سیلاب کی کیفیت تھی اور اس کی موجیں 12 سے 14 فٹ اونچی تھیں اور ایسے حالات میں وہاں ماہر تیراک بھی دریا میں نہیں اترتے۔

یے یلووا نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ مجھے ڈر تو لگا تھا تاہم میرے بچے کا سوال تھا، اس لیے میں نے ہمت سے کام لیتے ہوئے دریا عبور کرنے کا فیصلہ کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کو بھارت میں مواصلاتی ٹیکنالوجی کا دارالحکومت بھی کہا جاتا ہے تاہم اس کے دیہی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے۔

(جاری ہے)

یے یلووا کے گاوٴں میں بھی طبی امداد کا کوئی مرکز نہیں اور علاج معالجے کے لیے چار کلومیٹر دور واقع سرکاری طبی مرکز میں جانا پڑتا ہے۔

عام دنوں میں لوگ لکڑی سے بنے بیڑے کے ذریعے دریا پار کرتے ہیں تاہم جب دریا میں سیلاب آجائے تو کوئی بیڑا بھی دستیاب نہیں ہوتا۔علاقے کی پرائمری ہیلتھ سینٹر کی ڈاکٹر بینا نے بتایا کہ میں یہاں سات سال سے تعینات ہوں اور میں نے کسی خاتون کو اس طرح دریا پار کرتے نہیں دیکھا، وہ بھی تب جب وہ نو مہینے کی حاملہ ہو۔یے یلووا نے بتایا کہ میرا بھائی تیر رہا تھا اور میں اس کے پیچھے تھی اس کے علاوہ میرے بھائی نے خشک کدو اور خالی بوتلوں کا میرے چاروں طرف گھیرا بنایا تھا تاکہ میں تیر سکوں یے یلووا کے بھائی لکشمن نے بتایاکہ میں رسی کو سنبھالے ہوئے تھا میرے والد یے یلوواکے پیچھے تھے، راستہ تو نصف کلومیٹر کا ہی تھا تاہم اسے پار کرنے میں ایک گھنٹہ لگ گیا کیونکہ دریا کے درمیان میں لہریں بہت تیز تھیں۔

یے یلووا اس سے پہلے تین بار چیک اپ کے لیے اسی ہسپتال کے چکر لگا چکی تھیں۔ڈاکٹر بینا کے مطابق وہ بچے کو گھر پر جنم دینے کا خطرہ مولنا نہیں چاہتی تھیں۔دریا عبور کر کے جب وہ ہسپتال پہنچی تو ڈاکٹر بینا نے ان کا مکمل معائنہ کیا اور بتایا کہ وہ اور ان کابچہ مکمل طور پر صحت مند ہیں ابھی وہ اپنے رشتہ دار کے گھر رہ رہی ہیں اور 20 سے 25 دن کے اندر اندر ماں بن جائیں گی۔