Live Updates

ٹرین فراہم نہ کی گئی تو کراچی اور اندرون ملک کے درمیان ریلوے سروس بند کر دی جائیگی،تحریک انصاف

بدھ 6 اگست 2014 18:50

ٹرین فراہم نہ کی گئی تو کراچی اور اندرون ملک کے درمیان ریلوے سروس بند ..

کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2014ء ) پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر 14 اگست کے آزادی مارچ کے لیے اسپیشل ٹرین فراہم نہ کی گئی تو کراچی اور اندرون ملک کے درمیان ریلوے سروس بند کر دی جائے گی اور ریلوے ٹریکس پر دھرنے دیئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار بدھ کو آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع سٹی ریلوے اسٹیشن کے باہر تحریک انصاف کی جانب سے ریلوے انتظامیہ کے خلاف دیئے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماوٴں سید حفیظ الدین ، سبحان علی ساحل اور دیگر نے کی ۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نے ریلوے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔ تحریک انصاف کے رہنماوٴں نے کہاکہ تحریک انصاف نے قانون کے مطابق آزادی مارچ کے لیے اسپیشل ٹرین کی درخواست دی ، جو ریلوے انتظامیہ نے مسترد کر دی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق وفاقی وزیر ریلوے کا نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کی بادشاہت کے خادم کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل ٹرین حاصل کرنا ہمارا حق ہے ، جو ہم حاصل کرکے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ پر امن مارچ ہے ، جو ملک میں حقیقی تبدیلی لائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارا مطالبہ 72 گھنٹے میں پورا نہ کیا تو پھر حالات کی ذمہ دار حکومت خود ہو گی ۔ اس موقع پر ڈی ایس ریلوے کراچی کا کہنا ہے کہ اسپیشل ٹرین کے لیے درخواست ایک ماہ قبل دینا پڑتی ہے لیکن تحریک انصاف نے دس دن قبل دی ، جو ہم نے لاہور ہیڈ کوارٹر کو بھیج دی ہے ۔ اب ٹرین فراہم کرنے کا معاملہ ہیڈ کوارٹر کے پاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کو پیش کش کی کہ وہ دیگر ٹرینوں میں بکنگ کرانا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات