پی آئی اے کا اسمگلر فلائٹ اسٹیورڈ گرفتار

پیر 11 اگست 2014 12:48

پی آئی اے کا اسمگلر فلائٹ اسٹیورڈ گرفتار

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11اگست 2014ء) پاکستان کی قومی ایئر لائن کے فلائٹ اسٹیورڈ کو اسمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار کر کے پی آئی اے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ کسٹم حکام نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے راولپنڈی کے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 کے فلائٹ اسٹیورڈ شعیب راجپوت کے سامان کی شک کی بناء پر تلاشی لی تو اس کے سامان سے لاکھوں روپے مالیت کے 50 اسمارٹ فونز، لیپ ٹاپز اور 6 ہزار برطانی پاؤنڈ برآمد ہوئے۔

(جاری ہے)

کسٹم حکام نے فلائٹ اسٹیورڈ شعیب راجپوت کو حراست میں لے کر پی آئی اے کی انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔ شعیب راجپوت پی آئی اے کی یونین کے مرکزی رہنما بھی ہیں۔ دوسری جانب پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل بھی پی آئی اے کے ایک فلائٹ اسٹیورڈ کو ہیتھرو ایئر پورٹ پر لندن کے کسٹم حکام نے اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا جسے پی آئی اے کی انتظامیہ نے بھاری جرمامہ ادا کر کے شخصی ضمانت پر رہا کروایا تھا۔

متعلقہ عنوان :