پنجاب بھر کو پولیس اسٹیٹ بنادیا گیا ہے،اگر حکمرانوں کو مزید مزید وقت دیا گیا تو وہ ملک کا سودا کر دیں گے‘ جمشید دستی

منگل 12 اگست 2014 16:02

پنجاب بھر کو پولیس اسٹیٹ بنادیا گیا ہے،اگر حکمرانوں کو مزید مزید وقت ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست۔2014ء) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کو پولیس اسٹیٹ بنادیا گیا ہے،اگر حکمرانوں کو مزید مزید وقت دیا گیا تو وہ ملک کا سودا کر دیں گے ، نظام بدلنے کیلئے عمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں اور اپنی خدمات ایک سیاسی کارکن کے طور پر پیش کروں گا ، جنوبی پنجاب سے لاکھوں افراد آزادی مارچ میں شرکت کرنا چاہتے ہیں مگر رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔

منگل کے روز لاہور میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہاکہ عمران خان کی دعوت پر لاہور آیا ہوں ۔ پولیس نے لاہور میں داخلے کی اجازت نہیں دی اور اپنے کارکنان کے ساتھ بس چلا کر مظفر گڑھ سے لاہور پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے قافلے کو مظفرگڑھ میں بھی روکا گیا اور پولیس اہلکاروں نے بدتمیزی بھی کی ۔

اس کے بعد قافلے کو قصور میں بھی روک لیا گیا تھا اور سڑک کنٹینر لگا کر بند کردی گئی جس کے بعد کارکن پیدل چل کر لاہور پہنچے ہیں۔ جمشید دستی نے حکمرانوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران ایک طرف تو مذاکرات کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف اوچھے ہتھکنڈے بھی استعمال کر رہے ہیں۔ اگر انہیں مزید وقت دیا گیا تو وہ ملک کا سودا کردینگے۔انہوں نے کہا کہ نظام بدلنے کیلئے عمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں، حکمرانوں کی حرکتیں بتارہی ہیں کہ اب حکومت کے زیادہ دن نہیں رہ گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :