لانگ مارچ اور جلوسوں کے ذریعے حکومتیں تبدیل کرنے کی خواہشات رہیں تو پاکستان میں کوئی بھی جمہوری حکومت مدت پوری نہیں کرسکے گی،شرجیل میمن

منگل 12 اگست 2014 16:04

لانگ مارچ اور جلوسوں کے ذریعے حکومتیں تبدیل کرنے کی خواہشات رہیں تو ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دھرنوں ، لانگ مارچ اور جلوسوں کے ذریعے اگر حکومتیں تبدیل کرنے کی خواہشات رہیں تو پاکستان میں کوئی بھی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرسکیں گی۔ملک میں جمہوریت کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے، جس کے لئے وفاقی حکومت بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

وفاقی حکومت عمران خان کے مطالبات پر سنجیدگی سے جائزہ لے اور حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پرامن مظاہرے اور جلسے جلوس بھی جمہوریت کا حصہ ہیں لیکن اس کا یہ مقصد نہیں کہ ان دھرنوں اور جلسے جلوسوں کے ذریعے جمہوریت کو غیر مستحکم کیا جائے اور حکومتیں تبدیل کروائی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی اگر خواہشات رہیں تو اس ملک میں آئندہ کوئی بھی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرسکے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی کشیدگی ختم کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ وزیر اعظم فوری طور پر عمران خان اور طاہر القادری سے مذاکرات کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عمران خان کے مطالبات پر سنجیدگی سے جائزہ لے اور حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں اور عوام پر تشدد کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پرامن مظاہرے اور جلسے جلوس بھی جمہوریت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ وہ #سڑکیں بند کرکے عوام کی زندگی کو عذاب نہ بنایا جائے۔