Live Updates

جڑانوالہ،پولیس کاکریک ڈاؤن،تحریک انصاف کے35کارکن کو حراست میں لے لیا

منگل 12 اگست 2014 19:27

جڑانوالہ،پولیس کاکریک ڈاؤن،تحریک انصاف کے35کارکن کو حراست میں لے لیا

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اگست 2014ء ) سرکل پولیس نے پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پینتیس سرگرم کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ہونیوالوں میں پی ٹی آئی کے تحصیل صدر کے بھائی اور بھتیجے کے علاوہ نائب صدر بھی شامل ۔ پولیس نے لاہور اور اسلام آباد جانے والے تمام راستے کنٹینر لگا کر سیل کر دےئے ۔

ذرائع کے مطابق سرکل پولیس نے رات کو پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے سرگرم کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مار کر تقریباً پینتیس افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ لنڈیانوالہ پولیس نے پی ٹی آئی کے تحصیل صدر ملک ظفر اقبال کھوکھر کے گھر بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کر ان کے بھائی ریاض اور بھتیجے خورشید کو گر فتار کر لیا ہے جبکہ مکو آنہ سے پی ٹی آئی کے نائب صدر رانا ساجد کو بھی ان کے گھر سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان عوامی تحریک کے ذرائع کے مطابق لنڈیانوالہ پولیس چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے زبردستی کارکنوں کے گھروں میں گھس گئی اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے تھانہ میں بند کر دیا گیا ہے پی ٹی آئی کے تحصیل صدر ظفر اقبال کھوکھر نے نامعلوم مقام سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے آئینی حدود میں رہ کر احتجاج کر رہی ہے۔

مگر حکومت کارکنوں کو گرفتار کرکے انہیں مشتعل کرنا چاہتی ہے مزید کہا کہ تشدد اورگرفتاریوں سے آزادی مارچ نہیں رکے گا ۔ دریں اثناء سرکل پولیس نے جڑانوالہ سے لاہور اور اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ رات پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے تمام گرفتار کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات