اسلام آباد کے ریڈ زون ایریا میں موبائل فون سروس بند کردی گئی

منگل 12 اگست 2014 21:45

اسلام آباد کے ریڈ زون ایریا میں موبائل فون سروس بند کردی گئی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست۔2014ء) وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ریڈ زون ایریا میں موبائل فون سروس بند کردی گئی ۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کے ریڈ زون ایریا میں موبائل فون سروس مکمل طورپر بند کردی گئی ہے جو تاحکم ثانی تک بند رہے گی۔ وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو ریڈ زون سمیت وزیراعظم ہاؤس، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر حساس مقامات پر فی الفور موبائل فون سروس بند کرنے کے احکامات جاری کیے جس کے بعد پی ٹی اے نے تمام کمپنیوں کو ان علاقوں میں سروس بند کرنے کی ہدایت کردی ہیں جبکہ متعلقہ علاقوں میں سروس بند ہونے کےبعد اس کے اثرات اطراف کے علاقوں پر بھی پڑے ہیں جہاں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آزادی پریڈ کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وزارت داخلہ کو انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس بھی موصول ہوئی ہیں جس میں آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کی آڑ میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کے موقع پر سکیورٹی کی تمام صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موبائل فون سروس مکمل طور پر بند کیے جانے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور عوامی تحریک کے انقلابی مارچ کے پیش نظر سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جس کے تحت راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے تمام راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے جبکہ شہر میں 20 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں آرٹیکل 245 نافذ کرکے فوجی دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :