Live Updates

جوڈیشل کمیشن کے قیام سے قبل وزیر اعظم مستعفی ہوں، عمران خان، چیلنج کرتا ہوں آج خیبرپختونخوا میں انتخابات کروائیں تحریک انصاف زیادہ سیٹیں لے گی، چئیرمین تحریک انصاف

منگل 12 اگست 2014 22:15

جوڈیشل کمیشن کے قیام سے قبل وزیر اعظم مستعفی ہوں، عمران خان، چیلنج ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست۔2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے تین ججز پر مشتمل کمیشن کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے وزیر اعظم کے عہدے سے مستعفی ہونے تک کسی کمیشن پر اعتماد نہیں ،ہم14اگست کو ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے اور وہاں جا کر اپنے مطالبات پیش کرینگے ، اگر گلو بٹوں کے ذریعے انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ زمان پارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی ‘ اعجاز چوہدری‘ عارف علوی‘ شیریں مزاری‘میاں محمود الرشید او ردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف قوم سے خطاب میں جس طرح معصومیت او ردوستانہ ماحول میں اچھی اچھی باتیں کر رہے تھے میرے دل نے چاہا کہ آگے بڑھ کر ہاتھ بڑھاؤں ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں یہ دو نظریات کا ٹکراؤ ہے ۔ ایک نواز شریف کا نظریہ ہے جس میں آپ لوگ چھ ‘ چھ باریاں لے چکے ہیں اور جب حکومت میں آتے ہیں امیر امیر تر جبکہ غریب غریب تر ہونا شروع ہو جاتا ہے ۔ جو آپ کی بات مانتاہے اسے ساتھ رکھتے ہیں او رجو انکار کرتا ہے اسے ڈرایا دھمکایا جاتا ہے اور مقدمات درج کرائے جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ پورا خاندان عہدوں پر بیٹھ جائے ایسا تو صرف بادشاہت میں ہوتا ہے ۔آپ کے دور حکومت میں صرف آپکے خاندان میں خوشحالی آرہی ہے جبکہ غریب عوام کی زندگی مزید ابتر ہو رہی ہے ۔ سرکلر ڈیٹ کی مد میں480 کی ادائیگیاں کی گئیں ، اس کا آڈٹ کرایا جائے اور بتایا جائے کس کو فائدہ پہنچایا گیا کیونکہ قوم کو تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔

ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مطابق راولپنڈی میٹرو بس منصوبہ آٹھ ارب کا ہے جبکہ اسے آپکی حکومت پچاس ارب میں مکمل کر رہی ہے اور ایسے شخص کو اس کا نگراں بنایا گیا ہے جس پر ایفی ڈرین کا کیس چل رہا ہے ۔ شریف خاندان کے ایک جاننے والے نے ترکی میں کمپنی بنائی ہوئی ہے جہاں سے یہ پیسے بنا رہے ہیں ۔ میں یہ بھی بتاؤں گا کہ حال ہی میں جوجہاز خریدے گئے ہیں ان میں کتنی کمیشن لی گئی ہے ۔

حکمرانوں کو کرپشن کا فن آتاہے ۔ نندی پوری پاور پراجیکٹ میں قوم کے 38ارب روپے ضائع کر دئیے گئے اوراشتہاروں میں مبارکبادیں دی جارہی ہیں۔ ملک میں ترقی صرف اشتہاروں تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں کہا جائے کہ خیبر پختوانخواہ میں دھاندلی ہوئی ہے اور دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا جائے تو ہم اس کے لئے تیار ہیں اور ہم پہلے سے زیادہ نشستیں حاصل کریں گے ۔

ہم چودہ ماہ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ چار حلقے کھول دیں لیکن ہمیں کہیں سے انصاف نہیں ملا ۔ اب عوام کے دباؤ میں آکر جوڈیشل کمیشن کی تجویز پیش کر دی گئی ہے ۔ جب تک آپ وزیر اعظم ہیں کون سا کمیشن ہے جو شفاف تحقیقات کرے گا ۔ ہمارا واضح پیغام ہے کہ ہم ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے آگے آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں پر امن احتجاج کا جمہوری حق دینا ہے یا نہیں ۔

ہم ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عدلیہ کی بحالی کیلئے لانگ مارچ کیا اس وقت تو یہ غیر آئینی نہیں تھا لیکن حیرت کی بات ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری آج کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کا آزادی مارچ جمہوریت کے خلاف ہے او رمیں وکلاء کے ذریعے باہر نکلوں گا ۔ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ۔ اگر اپنے گلو بٹوں کے ذریعے انتشار پھیلایا گیا تو نواز شریف اپنی سیاسی قبر خود کھود یں گے ۔

عمران خان نے کہا کہ میں خون دینے کے لئے تیار ہوں اور اب اس نظام کو تبدیل کریں گے جس میں ہمارے بچے آپ کے بچوں کے غلام بنیں ہمیں یہ قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ شفاف تحقیقات کے لئے آپ کو اور اموجودہ الیکشن کمیشن کو مستعفی ہونا پڑے گا پھر ہمیں چیف جسٹس پر پورا اعتماد ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا سمندراسلام آباد آرہا ہے آپ اسے روک نہیں سکیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات